کے۔الیکٹرک صارفین پر نیپرا کا خودکش حملہ، بجلی 3.70 روپے فی یونٹ مہنگی کردی
نیپرا حکام کے مطابق موجودہ اضافے سے کے۔الیکٹرک صارفین سے 5 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ روپے اضافی وصول کرے گا۔
مہنگائی کے مارے عوام کو بجلی کے مزید جھٹکے، کے الیکڑک کے لئے بجلی 3 روپے 70 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی جبکہ ملک بھر کے لیے بجلی صارفین کے لیے بجلی مزید 34 پیسے مہنگی کردی گئی۔
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے ذریعے عوام پر مزید کراچی کے شہریوں پر 5 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔ اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ اضافے کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیے
ملکی تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
اپریل کے مہینے میں ٹیکس محصولات میں 103 ارب روپے کی کمی ریکارڈ
نیپرا اتھارٹی تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی سماعت کی۔ کے الیکڑک نے مارچ میں اپنے ذرائع سے 26 روپے 44 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی۔
کے الیکڑک حکام کے مطابق وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 9 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہی۔ سوئی سدرن سے ملنے والی ایل این جی کی قیمت میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستان ایل این سے ملنے والی ایل این جی کی قیمت میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔ سی پی پی اے سے ملنے والی بجلی کی قیمت میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔
حکام کے مطابق کے۔الیکڑک نے 1900 میگاواٹ بجلی اپنے سسٹم میں شامل کی، بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 19 فیصد بہتری لائی گئی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ گزشتہ 5 سے 7 سال کے دوران کے۔الیکڑک نے زیادہ بہتری نہیں دکھائی۔ درآمدی فیول پر بجلی کی پیداوار انتہائی مہنگی ہو چکی ہے۔ بجلی مہنگی ہونے سے متبادل اور سستے ذرائع پر انحصار بڑھ رہا ہے۔
نیپرا نے کے۔الیکٹرک کے علاوہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے بھی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی سماعت کی۔ نیپرا نے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ بجلی صارفین پر 2 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اضافے کا اطلاق لائف لائن ، کے۔الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔ بجلی صارفین کو مئی کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
سی پی پی اے حکام کے مطابق جو ایل این جی ہم استعمال نہیں کر سکتے اسکا بوجھ بجلی صارفین پر پڑتا ہے۔ ممبر نیپرا رفیق شیخ نے استفسار کیا کہ مارچ میں لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے کا کوئی خط لکھا گیا؟ حکام نے بتایاکہ سی پی پی اے نے مارچ میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا لکھا تھا۔ سی پی پی اے نے ایل این جی مکمل استعمال کرنے کا کہا تھا۔









