پولیس پر حملہ اور کارسرکار میں مداخلت کیس: پرویز الٰہی کی ضمانت میں 11 مئی تک توسیع
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے اور سرکاری کام میں مداخلت کے کیس میں پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی 11 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
پرویز الٰہی اور دیگر کے خلاف لاہور کے غالب مارکیٹ تھانے میں پولیس پر پٹرول بم پھینکنے اور سرکاری کام میں مداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
چوہدری شجاعت مسلم لیگ ق کے صدر رہیں گے، ای سی پی کا فیصلہ
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کو بیرون ملک روانگی سے روک دیا
11 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے اے ٹی سی نے پرویز الٰہی کو کیس کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے کیس کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز گجرات انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پرویز الٰہی کو کرپشن کے متعدد مقدمات میں 23 مئی تک عبوری ضمانت دے دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے انسداد بدعنوانی کے دو مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
پرویز الٰہی کے خلاف گجرات اور گوجرانوالہ میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ دونوں کیسز میں پی ٹی آئی کے صدر پر ترقیاتی اسکیموں میں کک بیک لینے کا الزام ہے۔









