وزیر اعظم کی نواز شریف سے ملاقات، بھائی کی جلد واپسی کا دعویٰ، تاریخ نہیں بتائی
نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں اور وہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے، ملک میں ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں، ماضی میں کسی کی ہمشیرہ کو چاند رات اور کسی کی بیٹی کو جیل سے گرفتارکیاگیا، آج منٹوں میں درجنوں ضمانتیں ہوجاتی ہیں، وزیر اعظم کی لندن میں گفتگو
وزیر اعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز لندن میں اپنے بھائی اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے نوازشریف کی جلد وطن واپسی کا دعویٰ توکیا مگر تاریخ پھر نہیں بتائی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں اور وہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں، ایک ہی دن الیکشن ہونے پر پوری قوم کا اتفاق ہے، ملک میں عدل و انصاف ہوتا سب کو دکھائی دینا چاہیے۔
قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اور تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت وسلامتی اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، عوام اور ملک کی بہتری کا مطلب یہ ہے کہ نظام آئین کے مطابق چلایا… pic.twitter.com/yXqNBdiZVh
— PMLN (@pmln_org) May 4, 2023
انہوں نے کہاکہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اور تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت وسلامتی اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام اور ملک کی بہتری کا مطلب یہ ہے کہ نظام آئین کے مطابق چلایا جائے۔آئین کی بالادستی کے لیے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،سب کو قانون اور آئین کا احترام کرنا ہوگا لیکن دہرا معیار کسی بھی معاشرے کیلیے صحت مند اور سود مند نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا اور اپوزیشن رہنماؤں کو من گھڑت مقدمات میں جیلوں میں ڈالا ، اپوزیشن کے ارکان پر ظلم کیا گیا، بیماری میں بھی نہیں بخشا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی کی ہمشیرہ کو چاند رات پر، کسی کی بیٹی کو جیل سے گرفتار کیا گیا، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا.، آج دن رات عدالتیں ضمانتیں مہیا کر رہی ہیں، منٹوں میں درجنوں ضمانتیں ہوجاتی ہیں، یہ ایسا دہرا معیار ہے جو کوئی بھی پسند نہیں کرےگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ اور آئین و قانون کی بالادستی کا احترام کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دولت مشترکہ کی میٹنگ میں آج شرکت کریں گے، وہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے عشائیہ میں بھی شریک ہوں گے۔