لیونل میسی پی ایس جی کو خیرباد کہہ کر سعودی کلب الہلال سے معاہدے کیلیے تیار
میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے، برطانوی میڈیا
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فرانسیسی کلب کو خیر باد کہہ کر سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال کے ساتھ معاہدے کی حامی بھرلی ہے۔
اس بات کا دعویٰ برطانوی اخبار ڈیلی ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سعودی کلب الہلال کی میسی کو سالانہ 40کروڑ ڈالر کے معاہدے کی پیشکش
لیونل میسی چھٹیاں گزارنے سعودی عرب چلے آئے، فرانسیسی کلب نے معطل کردیا
برطانوی اخبار ڈیلی ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لیونل میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں، مگر پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر لیونل میسی کو 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا جبکہ سعودی سفیر سیاحت کا عہدہ قبول کرنے پر میسی پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔
2021 میں لیونل میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال تک کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا جو رواں سال ختم ہورہا ہے ۔ پی ایس جی کی جانب سے معطلی اور جرمانہ عائد کیے جانے کے بعد بین الاقوامی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ میسی پی ایس جی کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب سے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
ایسے میں رپورٹس سامنے آئیں کہ سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی کلب کی جانب سے میسی کو 262 ملین پاؤنڈز( 93 ارب روپے سے زائد) سالانہ معاہدے کی پیشکش کی جو کہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2025 تک سعودی کلب النصر کے لیے کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔