ای سی سی نے روز ویلیٹ ہوٹل نیویارک کو کرائے پر دینے کی منظوری دیدی

ہوٹل کو تین سال  کیلیے کرائے پر دینے کی صورت میں پاکستان کو 16 کروڑ ڈالر سے زیادہ کے اخراجات  کے بجائےایک ہزار 25 کمروں پر مشتمل ہوٹل سے تقریباًایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر منافع حاصل ہوگا۔

 حکومت پاکستان نے ہوٹل یونین سے معاہدے کے بعد پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کو روز ویلیٹ ہوٹل 3سال کیلیے کرائے پر دینے کیلیے نیویارک سٹی گورنمنٹ  کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی اجازت دے دی۔

یہ فیصلہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس میں بھارت کے ساتھ پانی کے تنازع میں قانونی اخراجات کے طور پر 15کروڑ 30 لاکھ  روپے کی  دو ضمنی گرانٹس اور 4 ارب روپے مقامی کرنسی کور سے ورلڈ بینک کومساوی قرض کی فراہمی کو محفوظ بنانے کی اجازت دی گئی۔  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کی صدارت کی۔

یہ بھی پڑھیے

مارچ کے مقابلے اپریل میں ترسیلات زر میں 32 کروڑ61لاکھ ڈالر کمی ریکارڈ

امریکی ڈالر نے پاکستانی روپے کے مقابلے میں ٹرپل سینچری مکمل کرلی

ای سی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  روزویلٹ ہوٹل  نیو یارک کو درپیش مسائل اور  دوبارہ کھولنے کے بارے میں وزارت ہوابازی کی بریفنگ اور سمری  کی بنیاد پر  ای سی سی نے  ہوٹل یونین اور نیویارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دے دی۔

 ای سی سی نے   یونین کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے مطابق ہوٹل یونین اور سٹی گورنمنٹ آف نیویارک کے ساتھ روزویلٹ ہوٹل کے زیر التوا مقدمات کو واپس لینے کی بھی  منظوری دے دی۔

ای سی سی نے وزارت ہوا بازی کی درخواست پر پی آئی اے انویسٹمنٹ  لمیٹڈ کو مزید دو سال یعنی 31 دسمبر 2024 تک 14کروڑ 20لاکھ ڈالر کے قرض کے رول اوور کے سلسلے میں نیشنل بینک آف پاکستان   کے ساتھ اپنا کاروباری منصوبہ منسلک کرنے اور شیئر کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ای سی سی کی طرف سے 28 اپریل کو سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کی سربراہی میں تشکیل دی گئی 4رکنی مذاکراتی کمیٹی نے ایک ہزار 25کمروں پر مشتمل  ہوٹل کو امیگرنٹ ہاؤسنگ بزنس کے 3 سال کے استعمال کے لیے نیویارک سٹی گورنمنٹ اور روزویلٹ ہوٹل کمپنی  کی اسٹاف یونین کے ساتھ مذاکرات کا آخری دور منعقد کیا کیا۔

مذاکرات میں نیویارک سٹی گورنمنٹ اور اسٹاف یونین کے   ساتھ ہونے والے معاہدوں کو  پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے  بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 8 مئی کو پہلے ہی کلیئر کر دیا ہے۔

بورڈ نے ہوٹل یونین اور نیویارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی رضامندی طلب کی تھی۔ ہوٹل کو تین سال  کیلیے کرائے پر دینے کی صورت میں پاکستان کو 16 کروڑ ڈالر سے زیادہ کے اخراجات  کے بجائےایک ہزار 25 کمروں پر مشتمل ہوٹل سے تقریباًایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر منافع حاصل ہوگا۔

متعلقہ تحاریر