پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش سے پوائنٹ آف سیل ٹرانزیکشن 50فیصد گرگئی
پی او ایس کارڈ کے ذریعے بین الاقوامی ادائیگی کا حجم یکم تا 7 مئی کے دوران یومیہ اوسطاً ایک لاکھ 27 ہزار تھا جو 10 مئی کو 45فیصد کمی تقریباً 68ہزار پر آگیا، وی پی این کی مانگ 1329فیصد بڑھ گئی، انٹرنیٹ کی معطلی سے نقصانات کا حجم 10 کروڑ ڈالر تک جاپہنچا

سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک گیر فسادات کے بعد انٹرنیٹ کی بندش کے نتیجے میں ملک کے اہم ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پوائنٹ آف سیل(پی او ایس) کی ٹرانزیکشنز میں تقریباً 50 فیصد کمی واقع ہوئی۔
ملک میں ادائیگوں کے نظام کے 2 سب سے بڑے آپریٹرز لنک ون اور ایچ بی ایل نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ موبائل براڈ بینڈ کی معطلی اور کھلنے والے اسٹورز کی محدود تعداد پوائنٹ آف سیل کی ٹرانزیکشن میں کمی کی بڑی وجوہات ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عوام اور کاروباری اداروں کا حکومت سے موبائل ڈیٹا سروسز بحال کرنے کا مطالبہ
مسلسل تین روز سے انٹر نیٹ سے محروم پاکستانیوں نے وی پی این کا سہارا لینا شروع کردیا
نیب کی طرف سے منگل کوعمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں نے پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔وزارت داخلہ کے حکم پر منگل کی رات سے موبائل ڈیٹا سروسز بند ہیں –
لنک ون کی جانب سے پوائنٹ آف سیلز(پی او ایس) کے بارے میں رائٹرز کو فراہم کردہ ڈیٹاکے مطابق بدھ کو کارڈ کے ذریے کی گئی بین الاقوامی ادائیگیوں کے حجم میں 45 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو یکم تا 7 مئی کے دوران یومیہ اوسطاً ایک لاکھ 27 ہزارتھا اور 10 مئی کو تقریباً 68 ہزار پرآگیا۔
بین الاقوامی ادائیگی کے حامل کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے لین دین کی یومیہ قدر 46 فیصد کم ہوئی جو کہ 10 مئی کو 60کروڑ 60لاکھ روپے ( 21لاکھ 40ہزار ڈالر) سے 30 کروڑ30 لاکھ روپے (11لاکھ 60ہزارڈالر) ہو گئی۔
لنک ون ویزا اور ماسٹر کارڈ جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کے لیے پی او ایس ڈیجیٹل ادائیگی کے لین دین کا پاکستان کا بڑا سہولت کار ہے۔پاکستان کی واحد ڈومیسٹک پیمنٹ اسکیم پے پاک پر لین دین کاحجم بدھ کو 52 فیصد کم ہوکر 18ہزار ٹرانزیکشنز اور قدر میں 56 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً 6کروڑ20 روپے (2لاکھ18ہزار775ڈالر) رہ گیا۔
پاکستان کے سب سے بڑے بینک، ایچ بی ایل کے ترجمان، علی حبیب نے کہا کہ اس نے پی او ایس مشینوں کے تھرو پٹ میں 60 فیصد کی کمی دیکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حبیب بینک پاکستان میں30فیصد سےزیادہ پی او ایس مشینوں کاانتظام دیکھتا ہے جو مارکیٹ میں سب سے بڑا حصہ ہے۔ادھراسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فوری طور پر رائٹرز کے بھیجے گئے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
پاکستان میں لین دین کا بیشتر دار ومداراب بھی نقدی پر ہے جس میں زیادہ تر مارکیٹ غیر دستاویزی ہے لیکن 22کروڑ آبادی کے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگی کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے ۔ پاکستان بھر میں بہت سے خوردہ فروشوں اور صنعت کاروں نے بھی کہا ہے کہ منگل کو احتجاج شروع ہونے کے بعد سے ان کی سرگرمیاں ٹھپ ہو گئی ہیں۔
ملک گیرفسادات میں 1600 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 5 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں جن میں 160 سے زائد پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔منگل کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل براڈ بینڈ سروسز معطل کر دی تھیں۔
ٹاپ 10 وی پی این کے شعبہ تحقیق کے سربراہ سائمن میگلیانو کے مطابق فیس بک، یوٹیوب اور ٹویئر جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی پابندی کی زد میں ہیں جس کے نتیجے میں بدھ کو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس ( وی پی این) کی مانگ اوسط کے مقابلے میں 1329 فیصد بڑھ گئی۔میگلیانو کے مطابق موبائل براڈ بینڈ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی معطلی سے اب تک تقریباً 10کروڑ ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔









