بحریہ ٹاؤن لاہور میں لڑکیوں پر تشدد کا معاملہ: متشدد خاتون زیرحراست
واضح رہےکہ 5 روز قبل بحریہ ٹاؤن لاہور میں ٹریفک پارکنگ کے تنازعہ پر مائرہ نامی خاتون نے اپنے گارڈز کے ملکر دو لڑکیوں پر تشدد کیا تھا۔
لاہور کے بحریہ ٹاؤن میں بااثر خاتون اور اس کے گارڈز سے تشدد کا نشانہ بننے والی دو بہنوں میں ایک نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے اور اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کی ہے۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے تشدد کرنے والی خاتون مائرہ کو حراست میں لے لیا ہے، ظلم کا نشانہ بننے والی خواتین کی درخواست پر لاہور پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔
تشدد کا نشانہ بننے والے لڑکی کا اپنے بیان میں کہا ہے کہ "میں ڈرائیونگ کررہی تھی کہ خاتون نے اپنی گاڑی میرے سامنے لاکر کھڑی کردی، میں ہارن دیا ، اس دوران ہم دونوں کے درمیان کچھ تلخ الفاظ کا تبادلہ ہوا ، لیکن یہ سب کچھ گاڑی کے اندر سے ہوا۔ انہوں نے گاڑی ہٹانے کی بجائے میری گاڑی کو بلاک کردیا۔ اس دوران ایک شخص آیا اس نے میری کلائی پکڑی اور میرے منہ پر گھونسا دے مارا ، وہ میری کلائی کو مسلسل مروڑ رہا تھا۔ اس نے مجھے گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش اور میری گاڑی کی چابی نکال لی۔ اس نے گاڑی کا دروازہ کھولا اور مجھے باہر نکالنے کی کوشش کی۔ اسی دوران دو خواتین بھی آگئیں اور انہوں مجھے تھپڑ اور گھونسے مارنے شروع کردیئے۔ خاتون نے تشدد کرتے ہوئے مجھے کہا تم ہوتی کون جو مجھ سے اس لہجے میں بات کی۔”
لڑکی کا مزید کہنا تھا کہ "میں نے اپنی بہن سے کہا کہ وہ فون کرے اور میرے شوہر اور والد کو بلائے ، وہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ، مگر کسی نے انکو روکنے کی کوشش نہیں کی۔ وہ ہمیں مسلسل تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے۔”
لڑکی نے بیان میں مزید کہا ہے کہ "جب میں نے اپنی بہن سے کہا کہ فون کرے اور کسی کو مدد کے لیے بلائے تو "مائرہ نامی خاتون” کے گارڈز نے دروازہ کھول کر میری بہن پر تشدد شروع کردیا۔ وہ گارڈ میری بہن کے گال پر تھپڑ ماررہا تھا اور گالیاں بھی دے رہا تھا۔ اس نے میرا موبائل فون بھی چھین لیا ، میں نے اسے کہا کہ میرا موبائل واپس کرو، وہ پنجابی میں بات کررہے تھے ، مجھے پنجابی یا اردو بولنا نہیں آتی ، میں صرف انگلش میں بات کرسکتی ہوں۔ وہاں پر بحریہ ٹاؤن کے سیکورٹی گارڈز بھی موجود تھے مگر انہوں نے بھی ہمیں ان سے نہیں بچایا۔ وہ تشدد کررہے تھے اور گالیاں دے رہے تھے۔”
واضح رہے کہ پانچ روز قبل لاہور کے بحریہ ٹاؤن میں بااثر خاتون نے اپنے سیکورٹی گارڈز کے ملکر کر بیرون ملک سے آئی ہوئی دو بہنوں فضا اور اقصیٰ پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔
View this post on Instagram
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اور اس کے گارڈز کس بے دردی سے لڑکیوں پر تشدد کررہے ہیں۔
ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے لڑکیوں پر تشدد کرنے والی خاتون مسلسل بدکلامی کررہی تھی۔ جبکہ اس کے گارڈز اگلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی لڑکی پر تشدد کررہے تھے انہوں نے لڑکی کو بالوں سے پکڑ کر گاڑی دے باہر نکالنے کی بھی کوشش کی۔
افسوس کا مقام یہ تھا کہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد وہاں پر موجود تھی مگر کسی نے ہمت نہیں کہ تشدد کرنے والوں کو روک سکے۔ بہت سے سوشل میڈیا انفولینسر (اثر رکھنے والے) اپنے اپنے چینل کی ریٹنگ کے لیے ویڈیوز بناتے رہے مگر کسی نے مذمت نہیں کی۔