فیشن شو  کے دوران ماڈلز میں جھگڑا، نمرہ جیکب کا حسنین لہری پر ہاتھ اٹھانے کا الزام

واقعہ کراچی میں ٹیکسپو نمائش کے دوران پیش آیا، حسنین لہری کا نمرہ جیکب پر بلااجازت موبائل سے وڈیو بنانے کا الزام، مبینہ طور پر موبائل فون بھی چھین لیا، خاتون ماڈل نے ہاتھ اٹھانے پر پولیس طلب کرلی، واقعے  کی وڈیوز  وائرل

کراچی میں فیشن شوکے دوران خواتین اور مرد ماڈلز میں لڑائی ہوگئی۔ماڈل نمرہ جیکب  نے حسنین لہری پر ہاتھ اٹھانے،  دھکا دینےاور موبائل چھیننے کا الزام عائد کردیا۔

خاتون کی شکایت پر پولیس ایکسپو سینئر پہنچ گئی۔واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیے

گریمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب غصے میں کیوں آگئیں؟

بہروز سبزواری اپنے بیان سے پھر گئے،لیک آڈیو کو مصنوعی ذہانت کا نتیجہ قرار دیدیا

پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ماڈلز حسنین لہری اور نمرہ جیکب کراچی ایکسپو سینٹر  میں منعقدہ”ٹیکسپو فیشن شو “کے دوران بیک اسٹیج پر لڑپڑے۔

واقعے کی متعدد وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جن میں نمرہ جیکب کو روتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے اور خواتین ماڈلز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔

عینی شاہدین کےمطابق نمرہ جیکب بیک اسٹیج اپنے موبائل سے حسنین لہری کی وڈیو بنا رہی تھیں  حسنین کواس بات  کا علم  ہوا تو انہوں نے نمرہ سے انکا موبائل چھین لیا اور اس دوران  مبینہ طو رپر نمرہ کو تھپڑ بھی رسیدکر دیا۔

 لڑائی کو بڑھتا دیکھ کر ساتھی ماڈلز اور شو کی انتظامیہ نے مداخلت کر کے بیچ بچاؤ کروانے کی کوشش کی۔سوشل میڈیا پر وائرل  ایک ویڈیو میں حسنین لہری کو چیختے ہوئے کہتے سنا جاسکتا ہےکہ ’کسی کی ویڈیو بنانا قابلِ قبول نہیں ہے‘ جبکہ ساتھی ماڈلز کہتی سنائی دے رہی ہیں کہ ’حسنین تمہیں اپنا ردِ عمل کیسے صحیح لگ رہا ہے، تم کسی کو تھپڑ نہیں مارسکتے، نمرہ کا موبائل ابھی واپس کرو‘۔

حسنین لہری کے ماڈل کو تھپڑ مارنے اور بدتمیزی سے پیش آنے پر تمام خاتون ماڈلز نمرہ جیکب کی حمایت میں آگئیں ۔ نمرہ جیکب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حسنین نے ان پر ہاتھ اٹھایا ،ان کے چہرے پر گھونسہ مارنے کی کوشش کی اور انکا موبائل بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نمرہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رو رہی تھیں اور انکی اور بقیہ خاتون ماڈلز کی حفاظتی اقدام پر سوال اٹھا رہی تھیں۔

وائرل ویڈیو کے آخر میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ شو کے مقام پر پولیس کو بھی بلا لیا گیا تھا جو حسنین لہری کو اپنے ہمراہ باہر لے جاتی ہے، حسنین ڈیوٹی افسر کو بتاتے ہیں کہ پہلے خاتون ماڈل نے  نے بدتمیز ی کی تھی۔

روزنامہ جنگ  کے مطابق  حسنین لہری  نےرابطہ کرنے  پرالزام عائد کیا کہ”نمرہ جیکب ایک بدتمیز خاتون ہے، ا س کا ایک ٹریک ریکارڈ ہے، انڈسٹری میں وہ ہمیشہ ماڈلز کے ساتھ بدتمیزی کرتی رہتی ہے،وہ میری ویڈیو بنارہی تھی میں نے اس سے موبائل چھینا کہ میری ویڈیو کیوں بنارہی ہو،اس نے میرے مرحوم باپ کو گالی دی جس پر میں نے اسے جواب دیا کہ تمھارے والدین نے تمھاری تربیت نہیں کی تمہیں تربیت کی ضرورت ہے“۔

فیشن انڈسٹری کی معروف شخصیت فریحہ الطاف نے نمرہ جیکب  کے ساتھ پیش آنے  والے واقعے پر گہرے دکھ اور  افسوس  کا اظہار کیا ہے۔فریحہ الطاف نے  اپنے  ٹوئٹ میں لکھاکہ”فیشن شو میں نمرہ جیکب  کے ساتھ کی گئی غنڈہ گردی اور اسے خو د کو غیرمحفوظ تصور کرنے پر میں انتہائی  پریشان ہوں“۔

انہوں نے مزید کہا کہ” اسی ایونٹ میں میزبان انوشے  اشرف کوایک مرد کی جانب سے اپنی وڈیو بنائے جانے پر خوف اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑا ۔فریحہ الطاف نے مزید  لکھاکہ لازمی طور پرکام کی جگہوں کو خواتین کیلیے محفوظ  بنانا ہوگا“۔

متعلقہ تحاریر