کراچی سے گرفتار ڈکیت گینگ ملتان میں 29 کروڑ کی جائیدادوں کامالک نکلا
گینگ کے 2 کارندوں نے ملتان کے پوش علاقوں میں 14 کروڑ روپے مالیت کے 2 بنگلے خرید رکھے ہیں،کروڑوں روپے مالیت کی 8دکانیںکرائے پر دے رکھی ہیں، ملزمان کراچی سے 333 تولہ سونا لوٹ چکے، صرف پیر اور منگل کو وارداتیں کرتے تھے، تفتیشی حکام

کراچی کے شہریوں کو لوٹنے والے ملک بھائی ڈکیت گینگ نے ملتان میں اپنی جنت بسالی۔کراچی کے شہریوں کو لوٹنے والے ڈکیت گینگ نےملتان کے پوش علاقوں میں 29 کروڑ روپے کی جائیدادیں بنالیں۔
کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری سے گرفتار کیے گئےملک بھائی گینگ کے کارندوں نے دوران تفتیش ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی: نوسربازوں نے ایجنسی کے اہلکار بن کر ترک شہری سے 12 لاکھ روپے لوٹ لیے
ڈی ایچ اے موبائل شاپس پر ڈکیتی کرنے والے سابق رینجرز اہلکار سمیت 3 ملزمان گرفتار
عیسیٰ نگری سے گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں شہریوں سے لوٹ مار اور گھروں میں ڈکیتیوں سے حاصل ہونے والے پیسوں سے انہوں نے ملتان کےپوش علاقوں میں 29 کروڑ روپے مالت کی جائیدادیں خرید رکھی ہیں جبکہ مزید آمدنی کیلیےوہ دکانیں بھی کرائے پر دیتے ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ عیسی نگری مقابلے میں گرفتار ملزمان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ صرف پیر اور منگل کے روز واردات کرتے تھے۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملک بھائی گینگ 2016سے کراچی میں وارداتیں کر رہا ہے، یہ لٹیرے اب تک 333تولے سونا لوٹ چکے ہیں۔ گینگ کے 2ملزمان دو مہنگے ترین بنگلوں کے مالک ہیں، اور دونوں بنگلے ملتان کے پوش علاقوں میں خریدے گئے ہیں، ان بنگلوں کی قیمت 14کروڑ روپے سے زائد ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گینگ نے مستقل آمدنی کے لیے کمرشل پراپرٹی بھی بنائی ہے اور 8دکانیں 15کروڑ روپے میں خریدیں، جنھیں کرائے پر دے دیا گیا ہے۔









