جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات کا مرتضیٰ وہاب کیخلاف مذہب کارڈ کااستعمال
جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا کا ہولی کے رنگوں میں رنگ مرتضیٰ وہاب کا قرآن پاک تھامے حافظ نعیم الرحمان سے موازنہ، سوشل میڈیا صارفین کا اظہار افسوس

کراچی میں میئر کا الیکشن قریب آتے ہی سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھتاجارہا ہے۔ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے رہنما اور کارکنان سیاسی مخالفت سے بڑھ کر ذاتی حملوں پر اتر آئے ہیں۔
جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہدچنہ نےمیئر کراچی کیلیے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب کیخلاف مذہب کارڈ کا استعمال کرڈالا۔
یہ بھی پڑھیے
میئر کراچی انتخاب؛ عمران خان کی ہدایت کے باوجود پی ٹی آئی کے چیئرمینز مخمصے کا شکار
پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی سے التجائیں؛ میئر کراچی کیلئے حمایت مانگ لی
مجاہد چنہ پیر کو میئر کراچی کےکیلیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کا پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب سے موازنہ کرنے کیلیے مذہب کا ہتھیار استعمال کیا۔
مجاہد چنا نے اپنے فیس بک پیج پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا ہے جس میں حافظ نعیم الرحمان ہاتھ میں قرآن تھام رکھا ہے جبکہ مرتضیٰ وہاب ہولی کے رنگوں میں رنگے ہوئے ہیں۔مجاہد چنا نے اپنے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ فرق صاف ظاہر ہے ، بتاؤ تم کس کا ساتھ دوگے؟
مجاہد چنہ کی اس پوسٹ کو جماعت اسلامی کے درجنوں کارکنان نے شیئر کیا جس کے بعد یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔جماعت اسلامی کے مخالفین سمیت بلدیاتی الیکشن میں حافظ نعیم کو ووٹ دینے والے ترقی پسند شہریوں نے بھی مجاہد چنہ کی اس غیرذمے دارانہ پوسٹ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صارفین کا کہنا کہ میئر کراچی کی نشست ہتھیانے کیلیے پیپلزپارٹی کا غیر جمہوری رویہ قابل مذمت ہے اور کراچی کے شہریوں میں غم و غصے کا باعث بنا ہوا ہے لیکن جماعت کے اہم رہنما کی جانب سے اس قسم کی غیر ذمے داری کا مظاہرہ اقلیتی برداری سمیت جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے لیے بھی تکلیف کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ جماعت کا اقلیتی ونگ خود بھی کرسمس سمیت اقلیتی برداریوں کے تہواروں پر تقریبات کا انعقاد کرتا ہے جس میں جماعت کی قیادت بھی باقاعدگی سے حصہ لیتی ہے۔ایسے میں جماعت کے سینئر رہنما کی جانب سے غیرذمے داری کا مظاہرہ ناقابل فہم ہے۔









