لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو عمران ریاض کی بازیابی کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عدالت عالیہ کو یقین دہانی کرائی کہ عمران ریاض خان کی بازیابی کے حوالے سے جلد اچھی خبر ملے گی۔

معروف اینکر پرسن اور سینئر صحافی عمران ریاض خان کی بازیابی سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو اینکر پرسن کی بازیابی کے لیے مزید 10 روز کا وقت دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سینئر صحافی اور اینکر پرسن عمران ریاض خان کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے کیس کی سماعت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ، سیکریٹری داخلہ اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے 

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو بحال کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے داماد علی افضل ساہی اسلام آباد سے گرفتار

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے اب تک کے حوالے سے اور آئندہ کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں۔

جس پر آئی جی  پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت درست سمت میں جارہے ہیں امید ہے جلد اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

آئی جی پنجاب کے بیان پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے عمران ریاض خان کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اس پر وکیل عمران ریاض خان کا کہنا تھا کہ ہم ورکنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ہم کوششیں کررہے ہیں۔

اس پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے استفسار کیا کہ کیا آپ ورکنگ کمیٹی کی کاوش سے مطمئن ہیں؟۔ وکیل عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف عمران ریاض کی بازیابی درکار ہے اس کے لیے آئی جی پنجاب سمیت اسکی ٹیم کام کررہی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں پولیس جلد عمران ریاض کو بازیاب کرسکے گئے۔

جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم بھی عمران ریاض کی زندگی کے لیے دعاگو بھی ہیں اور کوشش بھی کررہے ہیں۔

بعدازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب کی  درخواست پر انہیں عمران ریاض خان کی بازیابی کے لیے مزید 10 دن  کی مہلت دے دی اور سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ تحاریر