ٹی ایل پی نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ’پاکستان بچاؤ مارچ‘ ختم کر دیا
تحریک لبیک پاکستان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا پروگرام شیڈول کررکھا تھا۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنا "پاکستان بچاؤ مارچ” ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
یہ اعلان اسلام آباد میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما شفیق امینی اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا ہم پرامید تھے کہ تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کو اس بات پر راضی کرلیں گے کہ وہ مارچ نہ کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد پارٹی کے ساتھ اہم معاملات طے پا گئے تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ٹی ایل پی شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹی ایل پی کے پیٹرول کی قیمت میں کمی سمیت دیگر مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مریم نواز نے عمران خان کو غیر ملکی طاقتوں سے مدد مانگنے کا طعنہ دے دیا
سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان گذشتہ رات سے لاپتہ
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحفظات ختم نبوت سے متعلق ٹی ایل پی کے ساتھ تفصیلات مذاکرات ہوئے ہیں ، تحفظات ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے، تحریک لبیک والوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک پیج پر ہیں کیونکہ حکومت بھی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمت کم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، ہم تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
دریں اثناء ٹی ایل پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت سمیت دیگر مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔
شفیق امینی نے اس بات کو سراہا کہ سابقہ حکومت کے برعکس موجودہ حکومت نے محاذ آرائی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران جب شفیق امینی نے اپنی تقریر ختم کی تو مذہبی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے ’لبیک، لبیک‘ کے زبردست نعرے بھی لگائے گئے۔









