مہران ہائی وے پر ٹریفک حادثہ ، 7 افراد جاں بحق، 42 زخمی
رپورٹس کے مطابق حادثہ پشاور اور کراچی سے آنے والی دو مسافر بسیں کے درمیان پیش آیا ، جس کے نتیجے میں 7 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔
اتوار کے روز صوبہ سندھ کے ضلع نواز شاہ کے قریب مہران ہائی وے پر دو مسافر کوچوں کے درمیان خطرناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے۔
بے نظیر آباد کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی پی) محمد یونس چانڈیو نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تمام زخمیوں کو پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں منتقل کردیا ہے جہاں ان کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی پی کے مطابق حادثہ پشاور اور کراچی سے آنے والی دو مسافر بسیں کے درمیان پیش آیا ، حادثہ صبح 4 بجے مہران ہائی وے باندھی روڈ پر پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیے
ڈانس پارٹی میں نشے کی زیادتی سے ہلاک ٹک ٹاکر لڑکی سے متعلق حقائق سامنے آگئے
میئر کراچی کے انتخاب میں غیرحاضر 11 ارکان سٹی کونسل کی پی ٹی آئی سے چھٹی
محمد یونس چانڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثہ دونوں گاڑیوں کے درمیان تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ تصادم کے بعد مہران ہائی وے پر ٹریفک کو روک کر نیشنل ہائی وے کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں اسلام آباد لاہور موٹر وے پر کلر کہار کے قریب ایک بس الٹنے سے پانچ خواتین سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے کہا تھا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے بظاہر "بریک فیل ہونے” کی وجہ سے اسٹیئرنگ پر کنٹرول کھو دیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال اپریل کے مہینے میں سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل کے قریب ایک ٹرک اور منی وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔









