حکومت کی اسلام آباد سمیت تمام ایئر پورٹس کی مرحلہ وار آؤٹ سورسنگ کی تیاریاں
پی ڈی ایم اتحادی حکومت نے اسلام آباد سمیت ملک کے تمام انٹر نیشنل ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا منصوبہ بنالیا تاہم کراچی و لاہور کے ہوائی اڈوں کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ میں مشکلات کے باعث انہیں مرحلہ لیز پر دیا جائے گا
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اتحادی حکومت نے اسلام آباد ایئر پورٹ کے بعد مرحلہ وار ملک کے دیگر ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ بنالیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت فنانس ڈویژن میں ایئرپورٹس آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔
یہ بھی پڑھیے
ایئر پورٹس کو پرائیوٹائز نہیں آؤٹ سورس کررہے ہیں، خواجہ سعد رفیق
اجلاس میں وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر تجارت نوید قمر، معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، ایس اے پی ایم ڈاکٹر جہانزیب شریک ہوئے ۔
آؤٹ سورسنگ کی نگران اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن، ڈی جی سی اے اے، آئی ایف سی کے نمائندوں اور خزانہ اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کراچی ولاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ میں مشکلات کےباعث حکومت نےپہلے مرحلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ کی نسبت نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے معاملات واضح ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی جلد از جلد آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے غور و غوض جاری ہے جس کے بعد دیگر ایئر پورٹس کا نمبر آئے گا ۔
اطلاعات کے مطابق پی ڈی ایم اتحادی حکومت اپنی مدت کے خاتمے سے پہلے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کرنا چاہتی ہے، جس کے لیے غور کیا جارہا ہے ۔
آؤٹ سورسنگ کی نگران اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں آئی ایف سی، ٹرانزیکشن ایڈوائزرنے شرکاء کو بریفنگ دی جس میں سروس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے فیصلے کیے۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر ایئر پورٹ کو بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ مل گیا
ذرائع کے مطابق حکومت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس ایک ساتھ لیز پر دینے کیلئے کوشاں تھی تاہم کراچی و لاہور کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نیو اسلام آباد کے بعد کراچی کا جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی آوٹ سورسنگ کردی جائے گی ۔