محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ڈی سی سکھر کی زیرصدارت اہم اجلاس کا انعقاد
اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران جلوسوں کی مانیٹرنگ کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم نے کہا ہے کہ محرم ایک مقدس مہینہ ہے جس میں شہداء کو محبت، بھائی چارے اور امن کے ساتھ بلا تفریق خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل سکھر، ڈپٹی میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم کی زیرصدارت محرم الحرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے چیٸرمین نے بھی سیل قائم کرنے کا اعلان کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں ضلع بھر میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بھی اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا تاجروں کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ
پاکستان سنی تحریک سکھر کی کال پر سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اجلاس میں ڈپٹی میئر سکھر ارشد مغل، چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، رینجرز، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام ریونیو، صحت، لوکل باڈیز، سول ڈیفنس، 1122 کے سٹیشن منیجر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے علاقوں میں ہونے والے واقعات بیان کئے۔ ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کو بھی سیکورٹی فراہم کرنے پر مامور کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم نے جلوسوں اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مجالس و جلوس کے منتظمین اور سکاؤٹس کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تعلقہ میں اسسٹنٹ کمشنرز ، میونسپل افسران اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ علاقوں کا دورہ کریں گے اور سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
ڈی سی سکھر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم کے دوران تمام اسپتالوں میں عملہ، ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضروری کام محرم سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈی سی سکھر کا کہنا تھا کہ پولیس محرم کے حوالے سے کنٹیجنسی پلان بنائے، جس کے تحت اسنیپ چیکنگ کو بڑھایا جائے گا، جبکہ ریپڈ رسپانس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں۔









