کراچی میں 20 کلو گرام آٹے کی تھیلے کی قیمت میں 200 روپے اضافہ ، 3200 روپے میں دستیاب
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے تک اضافہ ہوا۔
آٹے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔ ایک ہفتے میں آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت میں 300 روپے تک کا اضافہ ہوگیا، کراچی میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 3200 روپے میں فروخت ہونے لگا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی ، کوئٹہ ،حیدرآباد ،ملتان ،خضدار سمیت بیشتر شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ایک ہفتے کی رپورٹ جاری کر دی۔
غریب عوام جائے تو کہاں جائے۔ بنیادی ضرورت آٹا بھی عوام کی دسترس سے باہر ہونے لگا۔ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کراچی میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے تک مہنگا ہوا۔ دو سو روپے کے اضافے کے ساتھ کراچی میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 3200 روپے میں دستیاب ہے۔
یہ بھی پڑھیے
وفاقی حکومت کا بجلی صارفین پر مزید 500 ارب روپے کا بوجھ ڈالنے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو گرام کا تھیلا 106 روپے مہنگا ہوا۔ راولپنڈی میں 133 روپے، گوجرانوالہ میں 27 روپے سیالکوٹ میں آٹے کا تھیلا 200 روپے اور لاہور میں 100 روپے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 300 روپے تک اضافہ ہوا۔ حیدرآباد میں آٹے کا بیس کلو گرام کا تھیلا 140 روپے تک مہنگا ہو کر 3040 روپے میں دستیاب ہے، لاڑکانہ میں آٹے کا تھیلا 160 روپے، پشاور میں 50 روپے تک مہنگا فروخت ہورہا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق بہاولپورمیں ایک ہفتے میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 146 روپے، ملتان میں 93 روپے، سکھر میں بیس کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 120 روپے بڑھی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیاکہ ایک ہفتے میں کوئٹہ اور بنوں میں آٹے کے بیس کلو گرام تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔









