الیکشن پرانی مردم شماری پر ہوں گے: رانا ثناء اللہ کے بیان پر ایم کیو ایم پاکستان کا اظہار تحفظ
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری کا نوٹیفکیشن نہ ہوا تو الیکشن پرانی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، حکومت نے نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ، کہتے ہیں عام انتخابات پرانی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ کے بیان پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔ رہنما ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ اتنی مشکل سے کراچی کے گنتی میں اضافہ ہوا تھا اب ہماری سیٹوں میں اضافہ ہونا تھا تو حکومت نے پرانی مردم شماری کا کٹا کھول دیا ہے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے گذشتہ رات ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن نہیں کرے گی، انتخابات پرانی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے
عون چوہدری، نعمان لنگڑیال مدت کے اختتام تک حکومت کا حصہ رہیں گے، جہانگیر ترین
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسمبلی اگست میں اپنی مدت پوری کرے گی، اس کے بعد نگراں حکومت آئے گی۔ مردم شماری کا نوٹیفکیشن نہ ہوا تو الیکشن پرانی مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، حکومت نے نئی مردم شماری کا نوٹیفکیشن نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نئی مردم شماری میں کچھ مسائل پیدا ہوگئے ہیں، اسی لیے نوٹیفکیشن نہیں ہو رہا۔ بلوچستان سے نئی مردم شماری کے نتائج پر بھی بڑے بڑے اعتراضات آرہے ہیں، نئی مردم شماری پر سب کا اتفاق ضروری ہے، مردم شماری پر فوری فیصلہ ملک میں متنازعہ صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نئی مردم شماری کا اعلان نہیں کرے گی کیونکہ اس میں "مسائل” ہیں۔ بہت سے اسٹیک ہولڈرز بھی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج سے خوش نہیں ہیں۔
نئی مردم شماری کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے خدشات کے بارے سوال پر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نئی ڈیجیٹل مردم شماری سے ناخوش ہے۔ انہوں نے نئی مردم شماری کو یکسر مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مردم شماری کے نتائج پر اتفاق ہونا چاہیے اور اس بارے میں جلد بازی میں کیا گیا کوئی بھی فیصلہ قوم میں "متنازعہ صورتحال” کا باعث بن سکتا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات
تاہم دوسری جانب رانا ثناء اللہ کے بیان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ ایک عرصے بعد نئی مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو بہتر طریقے سے گنتی کیا گیا تھا ، امید تھی کہ نئی مردم شماری کے نتائج کے مطابق کراچی کی نشستوں میں اضافہ ہوگا ، اور ایم کیو ایم پاکستان نئے انتخابات بہتر نتائج دے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے بیان نے نئی صورتحال کو جنم دے دیا ہے ، ہم اپنا بیانیہ وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعے کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن حتمی فیصلہ کرے گا کہ انتخابات 2017 یا 2023 کی مردم شماری کے نتائج پر ہوں گے۔









