رانا ثناء اللہ نے اعظم خان کے بیان کو عمران خان کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے بے نقاب کر دیا کہ اصل 'میر جعفر' کون تھا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا بیان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے ، قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔ شاہ محمود قریشی اس جرم میں پوری طرح ملوث ہیں ، بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔
بدھ کے روز سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے بیان کے تناظر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اعظم خان کا بیان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف واضح چارج شیٹ ہے۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے سائفر ایشو کو مذاق میں تبدیل کرکے خارجہ تعلقات کو خاصا نقصان پہنچایا۔ وزیر داخلہ نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر افسوس کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے
نگراں سیٹ اپ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت سے آئے گا، شاہ محمود قریشی
عون چوہدری، نعمان لنگڑیال مدت کے اختتام تک حکومت کا حصہ رہیں گے، جہانگیر ترین
اعظم خان کے اعترافی بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ بیان عمران خان اور ان کی پارٹی کی قیادت کے خلاف فرد جرم کی حیثیت رکھتا ہے۔
تاریخی حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اقدامات نے میر جعفر کی غداری کی یاد تازہ کردی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے عمران خان پر قومی اداروں کے خلاف سازش کرنے اور ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے کا الزام لگاتے ہیں۔









