الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی

ای سی پی حکام کا کہنا ہے کہ جو گوشوارے جمع کرائے جائیں گے اس میں مالیات کی مکمل تفصیلات موجود ہونی چاہئیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بدھ کے روز سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالی سال 2022-23 کے اکاؤنٹس اور جمع شدہ گوشوارے کی تفصیلات 29 اگست تک جمع کرائیں۔

ای سی پی کے ترجمان نے الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 210 کے تحت سیاسی جماعتوں کو 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے لیے اپنے اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹ ای سی پی کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 210 میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کو مالی سال کے اختتام سے 60 دنوں کے اندر فارم-D پر اپنے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کا مجموعی بیان کمیشن کو جمع کرانا ہوگا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق جمع کرائے گئے گوشواروں میں سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈز کے ذرائع، اور اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات ہونی چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیے

رانا ثناء اللہ نے اعظم خان کے بیان کو عمران خان کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا

ای سی پی کو جمع کرائے گئے گوشوارے کے ساتھ پارٹی کے اکاؤنٹس پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی آڈٹ رپورٹ بھی ہونی چاہیے، اس کے ساتھ پارٹی سربراہ کے ایک مجاز عہدیدار کے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ بھی ہونا چاہیے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے تحت کسی ممنوعہ ذریعہ سے کوئی فنڈز موصول نہیں ہوئے۔ سیاسی جماعت کی جانب سے ایک بیان حلفی بھی جمع کرائے جائے گا تو اس بات کا ثبوت ہوگا کہ جمع کرائے گئے گوشوارے مکمل طور پر درست ہیں۔

گوشوارے جمع کرانے کے لیے مطلوبہ فارم-D الیکشنز ایکٹ 2017 میں فراہم کیا گیا ہے۔

پرنٹ شدہ فارم اسلام آباد میں ای سی پی سیکرٹریٹ اور پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا (کے پی) اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں مفت دستیاب ہیں۔

مزید برآں، فنڈز کے ذرائع کے لیے فارم-D/pro فارما ECP کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

ای سی پی نے اس بات پر زور دیا کہ اوور رائٹنگ سے گریز کیا جائے، اور (انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان) کی جانب سے جاری کردہ آڈیٹ رپورٹ بھی فارم کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔

فارم-D میں 1 جولائی 2022 سے 30 جون 2023 کی مدت کے لیے پارٹی کے ہر بینک اسٹیٹمنٹ کی ایک پڑھنے کے قابل کاپی بھی شامل ہونی چاہیے، اس کے ساتھ بینک مصالحتی بیان بھی شامل ہونا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر