عاشورہ سے قبل سی ٹی ڈی پنجاب کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد گرفتار
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں بشمول ٹی ٹی پی اور بی ایل اے سے ہے۔
محرم کے مقدس مہینے میں ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیش نظر، پنجاب کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران چار مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق بدنام زمانہ دہشت گرد گروپوں جیسا کہ داعش، ٹی ٹی پی اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد راولپنڈی میں عاشورہ کے دوران دہشتگردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا، 8 افراد زخمی: پولیس
دہشتگرد حملوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر تشویش ہے، آرمی چیف
آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خطرناک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں خطرناک مواد بشمول دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز اور نقدی ضبط کی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت اجمل امین، فیروز، حامد بشیر اور اویس شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
تحقیقات جاری ہیں کیونکہ حکام محرم کے مقدس مہینے میں عوام کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔