پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جنرل عاصم منیر
چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا ہے کہ حکومت کے گرین انیشیٹو کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے پیر کے روز ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے تک آرام سے نہیں بیٹھے گی۔
گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے مکمل طور پر خودکار اور سمارٹ ایگری فارم خانیوال ماڈل ایگریکلچر فارم – جو گرین پاکستان انیشیٹو کا حصہ ہے کا افتتاح کیا تھا۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قوم کی خدمت کے لیے فوج کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے
آرمی چیف سے جنرل مائیکل ایرک کی ملاقات ، پاک فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی تعریف
کور کمانڈرز کانفرنس: فوج کا حکومت کے معاشی بحالی کے منصوبے کی حمایت کرنے کا عزم
انہوں نے مسلح افواج اور عوام کے درمیان مضبوط رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے ، فوج ہی عوام ہے اور عوام ہی فوج ہے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر ہی دم لیں گے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی غیرت مند اور باصلاحیت قوم ہے۔ ہم اپنی انتھک محنت سے اپنے موجودہ بحران پر قابو پالیں گا۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں نے بھکاری کا کشکول اٹھا کر باہر پھینکنا ہے ، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے ، ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
افتتاحی تقریب سے مزید خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا ، ہم ماڈل فارمز کی طرح جدید فارمز بنائیں گے تاکہ چھوٹے کسانوں کو فائدہ ہو۔ گرین انیشی ایٹو کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلائیں گے۔
جنرل منیر نے سلامتی اور معیشت کے درمیان ضروری ربط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں لازم و ملزوم ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر ترقی کی منازل طے کرنا ممکن نہیں اور اسی طرح مستحکم معیشت کے بغیر سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے ، عوام اور ریاست کا رشتہ محنت اور احترام کا ہے۔