نگراں وزیراعظم کا معاملہ: شہباز شریف کی آصف زرداری اور نواز شریف سے مشاورت
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے جی ڈی اے ، جے آئی اور پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں سے مشاورت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اس معاملے پر اپنے ساتھیوں سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے رابطہ کیا ہے۔
تینوں سینئر رہنماؤں نے نگراں وزیراعظم اور نگراں سیٹ اپ کے لیے تجویز کردہ ناموں پر مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیے
حکمران اتحادی عبوری وزیر اعظم کے لیے گہری مشاورت میں مصروف
توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیسز میں عمران اور بشریٰ کی عبوری ضمانت میں 4 اگست تک توسیع
شہباز شریف ، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے نگراں وزیراعظم کی تقرری کا عمل آئین اور قانون کے مطابق مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
نواز شریف اور آصف زرداری نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے سامنے تمام مجوزہ نام پیش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
تینوں رہنماؤں نے نگراں سیٹ اپ کی تشکیل کے معاملے کو جلد از جلد نمٹانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے درمیان آج پھر اس معاملے پر مشاورت کا امکان ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اس معاملے پر اپنے ساتھیوں سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔
اپوزیشن کی مشاورت
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے اپوزیشن جماعتوں بشمول گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے بھی مشاورت شروع کردی ہے۔
نگراں وزیراعظم کے ناموں پر اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت سے غور کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کا اگلا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا کہ اپوزیشن 8 اگست تک نگراں وزیر اعظم کے لیے تین ناموں پر اتفاق رائے کر لے گی۔









