پاک چین مضبوط تعلقات نے تمام چیلنجز کے مواقع پر زبردست تعاون کا مظاہرہ کیا، آرمی چیف
چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 96ویں سالگرہ جی ایچ کیو میں منائی گئی۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج بھائی بھائی ہیں۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 96ویں سالگرہ بدھ کے روز جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منائی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے پیپلز لبریشن آرمی کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں PLA کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے
معیشت کی بہتری کےلیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آرمی چیف
پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، جنرل عاصم منیر
اس موقعے پر اپنے خطاب میں دونوں ریاستوں، فوجوں اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے زبردست تعاون کو ثابت کیا ہے۔”
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ "پی ایل اے اور پاک فوج آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ہمارا رشتہ ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔”
اس تقریب میں محترمہ پینگ چنکسو، عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور، میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، چینی ناظم الامور نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔
چینی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ "چین اور پاکستان کے درمیان یہ ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری وقت اور بین الاقوامی مناظر کی تبدیلی کے امتحان میں ہمیشہ کھری اتری ہے۔”
چینی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ "چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر CPEC کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے۔ گزشتہ مہینوں میں جنرل عاصم منیر اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے، جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ملا۔”









