آرمی چیف کی حمزہ خان کو اسکواش کا عالمی چیمپئن بننے پر مبارکباد
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج نوجوان ٹیلنٹ کو ہمیشہ سپورٹ کرتی رہے گی۔
چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے جمعے کے روز پاکستان کے نئے جونیئر ورلڈ چیمپئن حمزہ خان سے ملاقات کی اور انہیں قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 37 سال بعد اسکواش میں عالمی جونیئر ٹائٹل جیتنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے حمزہ خان خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں مدعو کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کولمبو ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا
ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو دھول چٹا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آپ پاکستان کے لیے عزت کا باعث ہیں ، آپ کی وجہ سے عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے۔ پاک فوج آپ جیسے باصلاحیت نوجوانوں کی حمایت جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں۔ وہ اپنی توجہ ، لگن اور محنت سے پاکستان کچھ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ حمزہ خان نے فائنل میں مصر کے محمد زکریا کو شکست دی تھی ، جس کے بعد وہ 1986 میں جان شیر خان کے بعد عالمی جونیئر اسکواش ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے تھے۔