پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ گرفتاری غیر قانونی ہے کیونکہ پولیس کے پاس عدالتی احکامات نہیں تھے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو آج اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور کی جانب سے تین سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد انہیں ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور سے اسلام آباد پولیس نے لاہور پولیس کے تعاون سے گرفتار کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی گرفتاری کے بعد ’پہلی تصویر‘ سوشل میڈیا پر وائرل
امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع
عمران خان کی گرفتاری کے فوری بعد پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء نے ان کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
درخواست میں پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور سٹی پولیس چیف اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو ان کی رہائش گاہ سے غیر قانونی طور پر گرفتاری کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو جس انداز گرفتار کیا گیا وہ گرفتاری نہیں بلکہ اغواء کیا گیا ہے، کیونکہ جس پولیس پارٹی نے انہیں گرفتار کیا تھا اس پارٹی کے پاس وارنٹ گرفتاری نہیں تھے۔
خان کو اسلام آباد کی ایک عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بدعنوانی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنانے کے بعد آدھے گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور ان کی رہائی کا حکم دیا جائے۔









