دفتر خارجہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اب بھی ٹیم کی سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کھیل کو سیاست سے الگ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی سی بی کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
اسنوکر کے عالمی چیمپئن احسن رمضان کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خیال ہے کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کھیلوں سے پر اثر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو ابھی بھی ٹیم کی سیکیورٹی پر تحفظات ہیں اور اس نے بھارتی حکومت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس بات سے آگاہ کر دیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کو اس دورے کے لیے ٹیم کے لیے مکمل سیکیورٹی کی توقع ہے اور امید ہے کہ ٹیم کو کسی بھی طرح سے نقصان نہیں پہنچے گا۔
پاکستان نے آخری بار 2016 میں T20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں ممالک کی ٹیموں نے پڑوسی ملک کا دورہ نہیں کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کی آخری دو طرفہ سیریز 2012-2013 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی جب کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔