کمالیہ میں لڑکی کے رشتے داروں کا نوجوان پر تشدد ، ویڈیو وائرل کردی

پولیس نے وائرل ویڈیو پر ایکشن لیتے ہوئے تشدد میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

کمالیہ میں نوجوان کے سر کے بال ، بھنویں اور داڑھی مونڈھ کر بہیمانہ تشدد کر کے وڈیو وائرل کرنے والے افراد کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس کمالیہ کے مطابق علی شیر نامی نوجوان مبینہ طور پر رات کے اندھیرے میں جھلار سگلہ میں لڑکی سے ملنے گیا اور گھر والوں کے ہتھے چڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیے 

شہر قائد میں چوری شدہ موبائل فونز کا غیرقانونی دھندا عروج پر

لڑکی کے گھر والوں اور اہل محلہ نے اپنی عدالت لگا کر بطور سزا علی شیر کے سر ، بھنوؤں اور داڑھی کے بال مونڈھ دیئے اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

بعدازاں ملزمان نے تشدد کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ وائرل کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی شیر تشدد کرنے والوں سے مافیاں مانگ رہا ہے اور توبہ کر رہا لیکن طاقت کے نشے میں چور لڑکی کے ورثاء پر اسکی آہ فگار کوئی اثر نہیں کر رہی اور وہ لوگ باری باری اسے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

تشدد کی وڈیو منظر عام آنے پر علی شیر کے بھائی کی تحریری درخواست پر تھانہ صدر پولیس کمالیہ نے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 506.342.355 ضمن 148/149 ت پ کے تحت مقدمہ نمبر 409/23 درج کرلیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی طور پر تشدد میں ملزمان قمر، نعیم، عالم شیر اور غلام رسول کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر