الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کردی
یاد رہے کہ مختلف میڈیا چینلز پر یہ خبر بریک کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان پی ٹی آئی کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کےلیے کارروائی شروع کردی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام خبروں کی تردید کردی ہے جن میں کہا جارہا تھا کہ ای سی پی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے بیان میں کہا گیا ہے کہ نہ تو ایسا کوئی اجلاس ہوا ہے ، اور نہ اس حوالے سے کوئی غور کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو پارٹی عہدے ہٹانے کے لیے باقاعدہ قواعدوضوابط کو فالو کیا جاتا ہے۔ اگر کسی شخص کو اس کی پارٹی کی صدارت یا کسی اور عہدے ہٹانا ہوتا ہے اس کے لیے باقاعدہ درخواست دی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ترجمان ای سی پی کا کہنا ہے کہ ایسے کیسز ضرور ہوتے ہیں جن میں الیکشن کمیشن خود سے پروسیڈنگ کرسکتا ہے ، تاہم زیادہ تر کیسز میں درخواست پر کارروائی کی جاتی ہے اور فریقین کے دلائل کے بعد طے کیا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص کو پارٹی عہدے سے ہٹانا ہے یا نہیں۔
عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 8 اگست کو پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے کیس کو سماعت کے لیے مقرر کررکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے مین اسٹریم میڈیا ہاؤسز نے آج یہ خبر بریک کی تھی کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کررہا ہے۔
خبروں میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پیر کے روز عمران خان کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
ای سی پی کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے عمران خان کو پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے لیے ضروری کاغذی کارروائی کی تیاری کا عمل تیزی سے شروع کر دیا۔