سندھ  میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے کوئی نام ابھی فائنل نہیں ہوا، سید ناصر حسین شاہ

وزیر بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ شاید نگراں وزیر اعظم یا نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے حوالے سے فیصلہ اسمبلیوں کی تحلیل کے تین چار دن بعد تک ہو سکتا ہے۔

سکھر: سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں نگران وزیر اعلی کا نام فائنل نہیں ہوا اور نہ ہی اس حوالے سے وزیر اعلیٰ یا اپوزیشن لیڈر میں کوئی باضابطہ ملاقات ہوئی ہے، عمران خان مکافات عمل کا شکار ہیں، انہوں نے جو کام کیے ہیں ان پر انہیں تو بہت پہلے ہی گرفتار کیا جانا چاہیے تھا، تاخیر سے گرفتاری بھی ان کے ساتھ رعایت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو بویا تھا وہی کاٹ رہے ہیں، عمران خان نے آصف زرداری ، فریال تالپور اور نواز شریف کو گرفتار کرایا اور مریم نواز کو والد سے ملاقات کے لیے جیل آنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک انصاف نے گرفتاری سے قبل عمران خان کا ریکارڈ شدہ بیان جاری کردیا

اسٹیبلشمنٹ اس وقت کنفیوزن کا شکار ہے، عمران خان

سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نگراں وزیر اعظم کے تقرر کے لئے اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ شاید نگراں وزیر اعظم یا نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے حوالے سے فیصلہ اسمبلیوں کی تحلیل کے تین چار دن بعد تک ہو سکتا ہے ، کیونکہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد نگراں سیٹ اپ کی تشکیل کے لیے تین سے آٹھ دن تک کی مہلت ہوتی ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ابھی ہر کوئی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور دعوتوں میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی کیونکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی حریف سے نہیں بلکہ غربت اور بے روزگاری سے ہے، ہم کسی سیاسی سقراط یا بقراط سے خائف نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے مقتدر حلقے اور ادارے اے پولیٹیکل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ ایکسپریس کے حادثے پر دلی افسوس ہے ٹریک کی خستہ حالی کے بارے میں متعدد بار وفاق کو آگاہ کرچکے ہیں، ٹریک کی تبدیلی کا منصوبہ سی پیک میں شامل تھا لیکن عمران دور میں اس پر کام بند کردیا گیا تھا۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی سندھ کو اپنا نہیں مانا اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سندھ میں کوئی کام نہیں کرایا۔

متعلقہ تحاریر