بٹگرام، چیئرلفٹ سنسنی خیز آپریشن، 600 فٹ بلندی پر رسیاں ٹوٹنے سے استاد اور 7 بچے دن بھر فضا میں لٹکے رہے، رات کو بچا لیاگیا

خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں پاشتو کے مقام پر کیبل کار کی رسی ٹوٹنے کے بعد پھنسنے والےاستاد اور بچوں سمیت تمام آٹھوں افراد کو پاک فوج نے کئی گھنٹوں پر محیط آپریشن کے بعد ریسکیو کر لیا گیا ، ابتدائی تین کوششیں ناکام رہیں ، صدر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر مبارکباد ، نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بچوں سمیت تمام افراد کو ریسکیو کئےجانے پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں، سنسنی خیز آپریشن کی کامیاب تکمیل کی تصدیق کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے بیان میں کہا کہ پاک فوج نے بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، ریسکیو آپریشن میں SSGکمانڈوز اور ہیلی کاپٹر شامل رہے،آرمی کے 5اور پاک فضائیہ کے دو ہیلی کاپٹرز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، مقامی کیبل کراسنگ ایکسپرٹ کی خدمات بھی حاصل رہیں،چھوٹی ڈولی کا استعمال کرتے ہوئے رات میں بقیہ تمام افرادکو بھی بچالیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے اس ریسکیو آپریشن کی قیادت کی ، پاک فوج کےا سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ابتدا میں دو بچوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سے ریسکیو کیا گیا۔ ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق فضائی آپریشن رات کے اندھیرے کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا جس کے بعد مقامی لوگ اورریسکیو اہلکار مل کر زمینی آپریشن کا آغاز کیا۔ریسکیو ترجمان کے مطابق فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد ’ایک چھوٹی ڈولی لگا دی گئی جس کے ذریعے مقامی لوگ متاثرہ بچوں تک پہنچے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسیاں ٹوٹ گئیں ،طلبہ صبح 7بجے اسکول جارہے تھے ،چیئرلفٹ کی 3میں سے دو رسیاں ٹوٹ گئیں، 600فٹ بلندی پر رسی ٹوٹنے سے استاد اور 7بچے دن بھر فضا میں لٹکے رہےاور کئی گھنٹے تک بھوکے پیاسے رہے، ملک بھر میں تجسس رہا ، مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع رہی ،،ریسکیو آپریشن میں ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے بھی امدادی آپریشن میں حصہ لیا۔16گھنٹوں بعدریسکیو کئےگئے افراد میں عرفان،نیاز محمد،رضوان،گل فراز، شیرنواز،ابرار،عطاء اللّٰہ اور اسامہ شامل ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب رہا، آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی ایس ایس جی خود نے ریسکیو آپریشن کی قیادت کر تے ہوئے دن پھرنہایت احتیاط سے ہیلی کاپٹرزکے ذریعے لفٹ میں پھنسے افراد کو بچانے کے لئے کارروائی کی۔آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا ۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی۔ آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بےمثال مہارت اورکارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

متعلقہ تحاریر