سندھ میں کرپشن کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ

سندھ میں اربوں کی کرپشن کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔ گورنر سندھ نے جلد گرفتاریوں کا عندیہ دیدیا۔ کہتے ہیں کہ عوام کی شنوائی کا عمل شروع ہوچکا، اب عمل بھی ہوگا، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن ہوگا، کے الیکٹرک نے قبلہ درست نہ کیا تو اب سخت ایکشن لیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز، منافع خوروں اور کرپشن کرنیوالی مافیا کا نوٹس لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی فوری روک تھام کیلئے احکامات جاری کردیئے، منافع خوری اور کرپشن کرنیوالی مافیاز کیخلاف اب سخت ایکشن ہوگا۔
انہوں نے کے الیکٹرک کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں اپنا قبلہ درست نہ کیا تو وزیراعظم سخت نوٹس لیں گے اور ان کیخلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بڑی تعداد اُمیدیں لے کر گورنر ہاؤس آتی ہے، نگراں وزیراعظم نے بھی بیل کا معائنہ کیا ہے، شہریوں سے کہتا ہوں کہ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے آئیں۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملکی معاشی پالیسی کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، وزیراعظم نے اسٹریٹ کرائم پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔









