ایئرپورٹ سے آف لوڈ کرنے کا کیس، جبران ناصر اور منشا پاشا کی درخواست منظور

سندھ ہائیکورٹ نے ایئرپورٹ سے آف لوڈ کرنے کے کیس میں وکیل جبران ناصر اور ان کی اہلیہ، اداکارہ منشا پاشا کی درخواست منظور کرلی۔

جبران ناصر اور منشا کی درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالت کی جانب سے تحریری حکم نامہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔

وکیل جبران ناصر کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ 27جون 2023ء کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ عید کی تعطیلات گزارنے جا رہے تھے، امیگریشن ڈیسک پر پہنچے تو ایگزٹ اسٹمیپ لگا کر واپس بھیج دیا گیا۔

جبران ناصر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود افسر خان نے بتایا کہ ہدایت ہے کہ آپ کو نہیں جانے دینا، ہمارا سارا سامان بھی آف لوڈ کردیا گیا۔

جبران ناصر نے عدالت میں بتایا کہ یکم جون کو 10 سے 15 نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، اغوا کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرایا گیا جو اے کلاس کر دیا گیا، ملک سے باہر جانے سے روکنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست گزار جبران ناصر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا جائے۔

متعلقہ تحاریر