پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن: الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا گیا
پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 21 دسمبر تک پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک دیا۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان بلے سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف سماعت ہوئی۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللّٰہ نے کیس کی سماعت کی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران نے کہا کہ ہم نے آج جواب جمع کیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ یہ ہمیں بھی اس کی کاپی فراہم کرے۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ یہ آپ کا قانونی حق ہے، آپ کو کاپی فراہم کریں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف عبوری ریلیف میں توسیع کی جائے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن نوٹس کے خلاف عبوری ریلیف میں 21 دسمبر تک توسیع کر دی۔