پہلی شادی پر صرف 10 روپے خرچ کئے: عامر خان کا انکشاف
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ، اداکار و فلمساز عامر خان نے انکشاف کیا کہ ان کی اور سابقہ اہلیہ رینا دتہ کی شادی پر خرچ صرف 10 روپے آیا تھا۔
ان دنوں عامر خان اور ان کی پہلی و سابقہ اہلیہ رینا دتہ کی بیٹی ایرا خان اور فٹنس ٹرینر نوپور شیکھرے کی منفرد انداز کی شادی کے چرچے ہو رہے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماضی میں اداکار عامر خان نے اپنی پہلی شادی کا خرچہ بتا کر سب کو حیران کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے 1986 میں اپنی پڑوسن اور فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے شادی کی تھی جو بعدازاں 2002 میں طلاق پر ختم ہوگئی۔
انہوں نے ماضی میں ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا تھا کہ میری اور رینا دتہ کی شادی انتہائی کم خرچ میں ہوئی تھی، ہم نے کسی کو بتائے بغیر تین گواہوں کی موجودگی میں کورٹ میرج کی تھی، جو کہ ایک بے حد سستی شادی تھی۔
انہوں نے اپنی پہلی شادی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے رینا دتہ کو شادی کی پیشکش کی جسے پہلے انہوں نے ٹھکرا دیا تھا، بعدازاں ہم دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا اور بلآخر شادی کا فیصلہ کرلیا۔
عامر خان کے مطابق شادی کے فیصلے کے بعد وہ رجسٹرار آفس جانے کے لیے بس میں سوار ہوئے جس کا ٹکٹ 50 پیسے تھا اور بیندرا اسٹیشن پر اتر کر تھوڑا پیدل چلنے کے بعد رجسٹرار آفس پہنچ گئے۔
اس طرح انہیں شادی کا خرچہ 10 روپے سے بھی کم پڑا۔
اسی انٹرویو میں عامر خان نے رینا دتہ سے علیحدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میری اور رینا کی شادی 16 سال تک قائم رہی، جب ہم نے 2002 میں اپنی راہیں جدا کیں تو یہ فیصلہ ناصرف ہم دونوں بلکہ ہمارے خاندان والوں کے لیے بھی بہت مشکل تھا۔
واضح رہے کہ عامر خان اور رینا دتہ کے دو بچے، ایک بیٹی آیرا خان اور ایک بیٹا جنید خان ہیں