جسٹس بابر ستار کے خلاف مہم چلانے پر توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر اہم پیش رفت سامنے آئی ۔ عدالت نے مہم چلانے والوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار کے چیف جسٹس عامر فاروق کو لکھے گئے خط کی روشنی میں توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کیخلاف دوہری شہریت سمیت دیگر الزامات پر مبنی سوشل میڈیا مہم سنجیدہ صورت اختیار کر گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ذرائع کے مطابق عدالت نے منفی سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ زرائع نے بتایا کہ جسٹس بابر ستار نے سوشل میڈیا مہم کے معاملے پر چیف جسٹس عامر فاروق کو خط لکھا تھا جس کے بعد خط کو توہینِ عدالت کیس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکل خط کو ڈائری نمبر لگا کر بینچ تشکیل دیکر کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس بابر ستار کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر اعلامیہ بھی جاری کیا تھا اور ان پر لگائے الزامات کی تردید کی گئی تھی۔