وفاقی بجٹ کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا نیا ریکارڈ، 3410 پوائنٹس کا اضافہ
وفاقی بجٹ کے بعد پہلے دن ہی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ کاروبار میں ریکارڈ تیزی سے نئی تاریخ رقم ہوئی، مارکیٹ میں 3410 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 11 ماہ بعد ایک روزہ تیزی ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
تیزی کے باعث انڈیکس کی 73 ہزار 74 ہزار 75 ہزار اور 76 ہزار پوائنٹس کی 4 نفسیاتی سطحیں عبور ہوگئیں۔ 69.17 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 3 کھرب 49 ارب 73 کروڑ 84 لاکھ 20 ہزار 805 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ مارکیٹ نے بڑی نوعیت کی تیزی کے ساتھ نئے وفاقی بجٹ کا خیرمقدم کیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3410.73 پوائنٹس کے اضافے سے 76208.16 پوائنٹس کی سطح پر بند ہواکاروباری حجم بدھ کی نسبت 117 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 63 کروڑ 55 لاکھ 25 ہزار 117 حصص کے سودے ہوئے ۔دریں اثنا آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق وفاقی بجٹ کے اعلان سے نئے قرض پروگرام میں شمولیت کے امکانات بڑھنے سے انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو زرمبادلہ کی طلب اور رسد یکساں رہی جس سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد کمی کا رحجان برقرار رہا۔
اختتامی لمحات میں طلب ورسد متوازن ہونے کے نتیجے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1 پیسے کی کمی سے 278 روپے 59 پیسے کی سطح پر بند ہوئی تاہم اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 13 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 25 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1200 روپے کی کمی سے 240700 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1029 روپے کی کمی سے 206361 روپے کی سطح پر آگئی۔