قطر کے وزیراعظم آج واشنگٹن جائیں گے، صدر ٹرمپ سےملیں گے

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی اسرائیل کا نام لیے بغیر قطر حملوں کی مذمت

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آج واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اسرائیل کے قطر پر حملے اور غزہ میں جنگ بندی مذاکرات پر بات چیت کا امکان ہے۔

دوحہ میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے میں شہید چھ افراد کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

قطری وزارتِ داخلہ کے مطابق نمازِ جنازہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، اعلیٰ سرکاری عہدے داروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

شہداء میں حماس رہنما خلیل الحیا کے بیٹے ہمام الحیا، قطری سیکیورٹی اہل کار بدر سعد الحمیدی اور دیگر سیکیورٹی گارڈز شامل تھے۔

حماس کا کہنا ہے قیادت پر حملے سے بھی غزہ جنگ بندی کے لیے اُس کی شرائط تبدیل نہیں ہوں گی۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے اسرائیل کا نام لیے بغیر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا سمیت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک نے مذمتی بیان جاری کیا۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا مذمتی بیان برطانیہ اور فرانس نے تیار کیا،جس میں قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی گئی۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل نے غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کو اولین ترجیح رکھنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیے، صہیونی فوج کا ہدف فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت تھی۔

متعلقہ تحاریر