موبائل و ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مستقبل کی یونیورسٹی قرار دیا جارہا ہے، خالد مقبول صدیقی
سندھ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز این ای ڈی سے ہونا خوش آئند ہے، ڈاکٹر طفیل

جدید دور میں علم اور ٹیکنالوجی ہی اصل طاقت ہے، موبائل اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مستقبل کی یونیورسٹی قرار دیا جارہا ہے، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کا دُرست و مثبت استعمال سکھانے پر زُور دیا جاۓ، ان خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر براۓ تعلیم و پروفیشل ٹریننگ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جامعہ این میں لیپ ٹاپ تقسیم کے موقعے پر کیا۔ان کا کہنا تھاکہ جدید دور میں علم اور ٹیکنالوجی ہی اصل طاقت ہے، موبائل اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مستقبل کی یونیورسٹی قرار دیا جارہا ہے۔نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کا دُرست و مثبت استعمال سکھانے پر زُور دیا جاۓ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کے ثمرات اسلام آباد سے کراچی تک پہنچنا قابلِ ذکر ہیں۔ کراچی طویل عرصے تک حکمرانوں کی ترجیحات میں پیچھے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کو امکانات اور اے آئی ٹیکنالوجی کا دَور قرار دیا گیا ہے۔سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ ہمارا تعلق حکمراں طبقے سے نہیں بلکہ ہم عام عوام سے تعلق رکھتے ہیں۔ کراچی نے ثابت کیا کہ عوام اپنا حق خود حاصل کر سکتے ہیں جب کہ ایوانوں میں عام پاکستانیوں کی نمائندگی وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ وزیراعظم کے تعلیمی اقدامات پر اظہارِ تشکر کرنا ضروری ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ قومیں علم کے ذریعے ہی ترقی کرتی ہیں۔ پاکستان میں نوجوان آبادی خطے کے کئی ممالک سے زیادہ ہیں۔ فیصلہ قوم کو کرنا ہے کہ نوجوان اثاثہ ہیں یا بوجھ؟ اس موقعے پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھاکہ پہلے مرحلے میں 32 گریجویٹس کو لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ میرے لیے خوش آئند بات ہے کہ سندھ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا آغاز این ای ڈی سے ہوا۔اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوۓ ڈاکٹر طفیل نے طالبِ علموں سمیت ٹیم کو مبارک باد دی۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوۓ سینئر سیاست دان/ سینٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھاکہ
میرے لیے اعزاز ہے کہ ملک کی مایہ ناز یونیورسٹی میں بات کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپس کی تقسیم کا سلسلہ 2011 میں میاں شہباز شریف نے شروع کیا تھا۔ ہمارا یہ پروگرام ملک کے تمام صوبوں میں چل رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ
2047 میں آپ کو اندازہ ہوگا کہ ہمارے بزرگوں نے یوتھ کے لیے ایک اچھا سلسلہ شروع کیا تھا۔ کوآرڈینٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام سندھ فہد شفیق (سندھ) کا کہنا تھاکہ یہ وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف کاوژن ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دیگر جامعات میں بھی جلد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جن میں سندھ بھر کی آٹھ جامعات شامل ہیں۔ جب کہ اگلے ماہ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کراچی میں طالب علموں کو خود لیپ ٹاپ تقسیم کرنے آئیں گے۔ ترجمان جامعہ این ای ڈی فروا حسن کے مطابق وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے چوتھے مرحلے کی تقریب میں سینئر سیاست دان حیدر عباس رضوی، ریحان ہاشمی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ سلیمان احمد بھی شریک ہوۓ جب کہ این ای ڈی سے بڑی تعداد میں اساتذہ و طالب علموں نے شرکت کی









