میڈیا کو عظیم کھلاڑی لیونل میسی کا احترام کرنا چاہیے، کوچ کھومین
بارسلونا کوچ کا کہنا ہے معاہدے کی تفصیلات آشکار کرنے پر اخبار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کریں گے۔
فٹبال کلب بارسلونا کے کوچ رونلڈ کھومین نے کہا ہے کہ ہسپانوی میڈیا کو فٹبالر لیونل میسی کا احترام کرنا چاہیے۔ میسی فٹ بال کا عظیم ستارہ ہے جس نے کلب اور اپنے درمیان ہونے والے معاہدے کے منظرعام پر آنے کے چند گھنٹوں کے بعد کلب کے لیے 650 واں گول اسکور کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا ہے۔
بارسلونا اور میسی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر آنے کے بعد بارسلونا کوچ میسی کی حمایت میں بول پڑے۔ کھیلوں کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدے کے منظر عام پر آنے کے کچھ گھنٹوں کے بعد بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی نے ایتھلیٹک بل باؤ کے خلاف اپنا 650 واں گول اسکور کیا اور بارسلونا نے یہی میچ ایک کے مقابلے میں دو گولز سے جیت لیا۔
بارسلونا کے کوچ رونلڈ کھومین نے کہا کہ لیونل میسی کے لئے وہ دن مشکل ترین دن تھا جب ایک ہسپانوی اخبار نے بارسلونا کلب اور میسی کے درمیان ہونے والے معاہدے کو افشا کیا۔
اخبار نے انکشاف کیا تھا کہ میسی نے رواں سال بارسلونا کلب سے 4 سیزنز کے لئے 55 کروڑ یوروز کا معاہدہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی پیسے میں یہ رقم 110 ارب روپے بنتی ہے۔ اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ بارسلونا نے میسی سے اتنا مہنگا معاہدہ اس لیے کیا ہے کہ عظیم فٹ بالر کہیں بارسلونا کو چھوڑ کر چلے نہ جائیں۔
اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بارسلونا کلب نے میسی کو اپنی ٹیم کا حصہ برقرار رکھنے کے لئے اپنے وسائل سے زیادہ بڑا معاہدہ کیا ہے۔ معاہدہ ہونے سے پہلے ہی کلب کی مالی حالت خراب چل رہی ہے۔ دوسری جانب بارسلونا کے کوچ نے میسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میسی نے معاہدے کو لیک نا کرکے بہترین کام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حسن علی پر طنز آئی سی سی کو مہنگا پڑ گیا، شائقین کرکٹ برہم
کوچ کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو کوئی بھی معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر لا رہا ہے اس کا مقصد صرف اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ میسی اور کلب کے درمیان اختلاف کی خلیج پیدا کی جا سکے۔ معاہدے کے تنازعے پر تبصرہ کرتے ہوئے بارسلونا کے کوچ نے کہا کہ ’میسی ٹیم کے لئے ایک حوصلہ کی علامت ہے اور یقیناً میسی دنیا کا ایک بہترین کھلاڑی ہے جس نے کلب کو اپنے قیمتی سال دیے۔‘
بارسلونا کے کوچ نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ اخبارات لیونل میسی کی ہر چیز کا احترام کریں۔ بارسلونا کے کوچ کا میسی کو مزید امید دلاتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر لانے پر اخبار المونڈو کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کریں گے۔