پی ایس ایل کے لیے غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد شروع
کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے پیش نظر میچ دیکھنے کے لیے 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایونٹ کا آغاز کراچی میں 20 فروری سے ہوگا۔ پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور شائقین کرکٹ کے ہر دل عزیز کھلاڑی ڈیرن سیمی بھی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ کرونا کی صورتحال کے پیش نظر صرف 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہوگی۔
کراچی کنگز کے نئے ہیڈکوچ ہرشل گبز، کولن انگرم، چیڈوک والٹن اور افغان کرکٹر نور احمد پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ جبکہ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی بھی کراچی آئیں گے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا حصہ بننے والے ڈیرن سیمی اس مرتبہ پشاور زلمی کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈیرن سیمی اس سے قبل پشاور زلمی کی طرف سے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں بطور کھلاڑی شامل رہ چکے ہیں۔
South African 🇿🇦 All-rounder @David_Wiese is capable of taking the match away from the opposing teams & he is ready to deliver his extremely fast pace in @thePSLt20 and fans all over the world are waiting to see him! 😍#DamaDamMast #MainHoonQalandar #Dilse pic.twitter.com/W8ky3A6sZJ
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) February 12, 2021
پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کراچی پہنچتے ہی پاکستانیوں کو سلام کیا اور پی ایس ایل اور پشاور زلمی کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘بطور کوچ ایک بار پھر پشاور زلمی کا حصہ بننے پر وہ بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔’ انہوں نے پاکستانیوں کو مہلک وبا کے حوالے سے پیغام دیا کہ کرکٹ انجوائے کریں لیکن ماسک پہن کر۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے روی بوپارہ سنیچر کو جبکہ شرفین ردرفورڈ اور مجیب الرحمان 14 فروری کو کراچی پہنچیں گے۔
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض، شعیب ملک، امام الحق، کامران اکمل، محمد عرفان اور دیگر کھلاڑی کراچی میں ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ جبکہ محمد عامر اور کپتان عماد وسیم بھی مقامی ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں شامل ہونے پر قومی اور غیرملکی کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
The most recent King to join up with #KingsFamily, @joeclarke10 is IN THE HOUSE! pic.twitter.com/y6eZP54vGz
— Karachi Kings (@KarachiKingsARY) February 13, 2021
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فرنچائز ٹیموں کی پریکٹس 15 فروری سے شروع کرنے کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق علیم ڈار، رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف امپائرز پینل میں شامل ہیں۔ جبکہ راشد ریاض تھرڈ اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔
اس کے علاوہ روشن مہنامہ، علی نقوی، افتخار احمد، محمد انیس اور جاوید ملک ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا پاکستانی کرکٹ ٹیم میں محمد رضوان کی کمی تھی؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے رنگا رنگ میلے کا پہلا مرحلہ 20 فروری سے کراچی میں شروع ہوگا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جہاں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
اس ٹورنامنٹ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی درخواست پر کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں 20 فیصد تماشائیوں کو بیٹھ کر میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
On my way for a new beginning. Joining @TeamQuetta as the bowling coach this time. Wish me luck in this new role. Lets win this PsL6 #PSL6 pic.twitter.com/2InhQi9c98
— Umar Gul (@mdk_gul) February 13, 2021
این سی او سی نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین ماسک پہن کر آئیں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے باہر بھی نکالا جاسکتا ہے اس لیے شائقین ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔