پاکستان میں میڈیا کی تاریخ کا انوکھا واقعہ

مہر بخاری نے ڈان نیوز چھوڑ کر ہم نیوز میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ عادل شاہ زیب ہم نیوز چھوڑ کر ڈان نیوز کا حصہ بن گئے ہیں۔

پاکستان کی سینیئر اینکر پرسن مہر بخاری اور عادل شاہ زیب نے حالات حاضرہ کے پروگرامز اور نیوز چینلز آپس میں بدل لیے ہیں۔ مہر بخاری نے ڈان نیوز کو الوداع کہہ کر ہم نیوز میں شمولیت اختیار کرلی ہے جبکہ عادل شاہ زیب ہم نیوز کو خیرباد کہہ کر ڈان نیوز کا حصہ بن گئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں اینکر پرسن اپنے پرانے ادارے کی طرح نئے چینل میں بھی رات 10 بجے کے حالات حاضرہ کے پروگرامز کی میزبانی کریں گے۔ فی الحال دونوں میزبانوں کے پروگرامز کا طریقہ کار یا فارمیٹ کیا ہوگا اس بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

ڈان نیوز کے مقابلے میں ہم نیوز کے پروگرام کی نوعیت بالکل مختلف تھی تاہم امکان ہے کہ مہر بخاری شعبہ صحافت میں اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر عادل شاہ زیب کی جگہ باآسانی لے لیں گی لیکن کیا عادل شاہ زیب مہر بخاری کا بہتر نعم البدل ثابت ہو پائیں گے یہ اُن کے پروگرام کو دیکھ کر ہی معلوم ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

خاتون کا سینئر صحافی پر ہراسگی کا الزام

ادھر عادل شاہ زیب ہم نیوز میں 3 سال خدمات سرانجام دینے کے بعد ڈان نیوز میں ایک پروگرام کے میزبان کے طور پر شامل ہوگئے ہیں۔ وہ اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی اردو سروس کا حصہ رہ چکے ہیں۔

مہر بخاری اور عادل شاہ زیب کے چینلز کے تبادلے کے ساتھ ہی صحافی یہ سوال بھی کر رہے ہیں کہ محض ادارے تبدیل کرنے سے کیا ہوگا؟ کیا دونوں کچھ نیا بھی کر پائیں گے؟َ

یہ تازہ واقعہ پاکستانی تاریخ کا شاید پہلا واقعہ ہو جس میں دو مختلف چینلز کے میزبانوں نے اپنی جگہیں اِس طرح تبدیل کی ہوں کہ اُن کے پروگرامز کے وقت پر بھی فرق نا پڑا ہو صرف ادارے تبدیل کیے ہوں۔ اب دونوں کے پروگرامز یا مواد بھی پرانی طرز کے ہوں گے یا اُن میں تبدیلی آئے گی یہ دونوں میزبانوں کے نئے چینلز پر پہلے پروگرام کے آن ایئر ہونے کے بعد معلوم ہو جائے گا۔

متعلقہ تحاریر