’آصف زرداری داماد یونین کے چیئرمین، میں جنرل سیکریٹری ہوں’

کیپٹن (ر) صفدر کے داماد یونین سے متعلق بیان کے سوال پر مریم نواز نے بھی قہقہہ لگاتے ہوئے دلچسپ جواب دیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے آصف زرداری کو آل پاکستان داماد یونین کا تاحیات چیئرمین اور خود کو اس جماعت کا جنرل سیکریٹری قرار دے دیا ہے۔ اسی بیان سے متعلق سوال پر مریم نواز نے بھی قہقہہ لگاتے ہوئے دلچسپ ردعمل ظاہر کیا ہے۔  

جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے کیپٹن (ر) صفدر سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سے متعلق سوال کیا۔ صحافی کے سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ میں بھائیوں کی طرح بلاول بھٹو کا احترام کرتا ہوں۔ مجھ سے یہ امید نہیں رکھیں کہ میں بلاول بھٹو کے خلاف بیان دوں گا۔

کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ میں بلاول بھٹو کے والد آصف زرداری کا بھی احترام کرتا ہوں کیونکہ وہ ہماری داماد یونین کے تاحیات چیئرمین ہیں اور میں اس کا جنرل سیکریٹری ہوں۔

کیپٹن (ر) صفدر کے اس بیان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ جب صحافیوں نے کپٹن (ر) صفدر کے اس بیان پر مریم نواز کا ردعمل معلوم کیا تو وہ بھی ہنس پڑیں۔ صحافی کے سوال کے جواب میں مریم نواز نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے یہ جماعت بنائی ہے ان سے الیکشن کمیشن میں رجسٹر کروانے کا کہیں تاکہ لوگوں کو اس کے بارے میں پتہ چلے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے یہاں بھی چیئرمین شپ پیپلزپارٹی کو دے دی ہے؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ اس چیئرمین شپ میں عمر کا عمل دخل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیپٹن صفدر کا چیئرمین نیب کے گھر چھاپہ، اپنے خلاف کارروائی سے سبق نا سیکھا

کیپٹن (ر) صفدر کے بیان کے بعد مریم نواز کے اس پر دلچسپ ردعمل کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔ پہلے خاوند کیپٹن (ر) صفدر اور پھر اہلیہ مریم نواز کے دلچسپ بیانات کی دونوں ویڈیوز ہی سوشل میڈیا صارفین کی ہنسی کا باعث بن رہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر