ویکسین ہے نہیں لیکن ساؤتھ سٹی نے لگانے کی قیمت مقرر کر لی

نجی اسپتال میں ویکسین کی قیمت کے علاوہ صرف ویکسین لگانے کے لیے 5 ہزار روپے وصول کیے جارہے ہیں۔

پاکستان میں کرونا کی وباء کی تیسری لہر کے باعث اموات اور کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ویکسین کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے لیکن اس صورتحال میں کراچی کے نجی اسپتال ’ساؤتھ سٹی‘ نے اپنی جیبیں گرم کرنا شروع کردی ہیں۔ ساؤتھ سٹی اسپتال میں کرونا کی ویکسین کی قیمت کے علاوہ صرف ویکسین لگانے کے لیے 5 ہزار روپے بٹورے جارہے ہیں اور جب لوگ رجسٹریشن کے بعد ویکسین لگوانے کے لیے رابطہ کر رہے ہیں تو اُنہیں کہا جا رہا ہے کہ ابھی ویکسین نہیں ہے آپ دوبارہ رجسٹریشن کرائیں۔

پاکستان میں کرونا وباء کی تیسری لہر کو پہلے سے زیادہ خطرناک اور جان لیوہ قرار دیا جارہا ہے۔ حکام کی جانب سے بار بار عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کا کہا جارہا ہے۔ اس جان لیوہ صورتحال کو نجی اسپتالوں نے اپنی جیبیں گرم کرنے کا ذریعہ بنالیا ہے۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں واقع ساؤتھ سٹی اسپتال نے ویکسین کی قیمت سے تقریباً آدھی قیمت ویکسین لگانے کے لیے مختص کردی ہے۔

ساؤتھ سٹی اسپتال نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تشہیر کی ہے کہ ادارے کے پاس کرونا وائرس سے بچاؤ کی روسی ساختہ ’اسپٹنک ویکسین‘ موجود ہے۔ اس ویکسین کی فی خوراک قیمت 6 ہزار 134 روپے ہے جبکہ ویکسین لگانے کے لیے ڈھائی ہزار روپے فی خوراک علیحدہ سے وصول کیے جائیں گے۔ ایک انسان کو اس ویکسین کی 2 خوراکیں دی جاتی ہیں جس کے حساب سے فی فرد 12 ہزار 268 روپے کی ویکسین لگانے کے لیے 5 ہزار روپے علیحدہ سے بٹورے جارہے ہیں۔

ساؤتھ سٹی اسپتال کرونا ویکسین

معاشرے میں ڈاکٹرز کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ یہ انسان کی بیماریوں کا علاج کرتے ہیں اور ان کے درد میں مسیحا بنتے ہیں۔ لیکن اب اس مقدس پیشے کو چند لوگوں نے کمائی کا ذریعہ بنالیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں انسانی جان کی پرواہ نہیں بلکہ صرف پیسوں کی چاہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کرونا کے مریضوں کے لیے صحت انصاف کارڈ ایک تحفہ

ساؤتھ سٹی اسپتال کی جانب سے کرونا ویکسین کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اسے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ڈان نیوز سے وابستہ صحافی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے ساؤتھ سٹی اسپتال کی ویب سائٹ پر دیکھا کہ کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری تھا لیکن کچھ دیر کے بعد ویب سائٹ سے کرونا ویکسین کی دستیابی سے متعلق معلومات ہٹا لی گئیں۔ جب انہوں نے اسپتال جا کر معلوم کیا تو پتہ چلا کہ وہاں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب نہیں ہے اور ویب سائٹ پر غلطی ہوئی تھی۔

اس کے برعکس انڈیا کے نجی اسپتالوں میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی قیمت 250 انڈین روپے ہے جو پاکستانی سکے کے مطابق تقریباً 519 روپے بنتی ہے۔ جبکہ انڈیا میں ویکسین لگانے کے لیے فقط 100 روپے وصول کیے جارہے ہیں جو پاکستان کے مطابق 208 روپے کے قریب بنتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر