بابر اعظم نمبر ون بلے باز کیوں؟ جنوبی افریقہ میں بتادیا
بابر اعظم کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں سینچری بنانے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم نمبر ون بلے باز کیوں ہیں یہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی کارکردگی سے بتا دیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پچھاڑ دیا ہے۔ انڈین کپتان ویرات کوہلی کا سب سے زیادہ اسکور 94 تھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں بابر اعظم نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سینچری بنائی۔ اس میچ کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی سینچری ہی تھی جو انہوں نے صرف 49 گیندوں پر اسکور کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔ وہ 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جس میں 15 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیے
بابر اعظم نے ویرات کوہلی کو پچھاڑ دیا
اس میچ سے پہلے بابر اعظم 5 سال سے آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست رہنے والے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک سینچری اسکور نہیں کر سکے ہیں جبکہ بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سینچری بنائی ہے۔ پاکستانی کپتان بابراعظم نے 48 ٹی ٹونٹی میچز میں 1916 رنز بنا لیے ہیں جبکہ ویرات کوہلی 1852 رنز بنا چکے ہیں۔ اتنی ہی اننگز میں کرس گیل 1537، فاف ڈوپلیسی 1465 اور ایرون فنچ 1635 رنز بنا چکے ہیں۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم اب آئی سی سی رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست رہ چکے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شراکت میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ اوپننگ پارٹرشپ بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 197 رنز کی شراکت قائم کی ہے جو قومی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شراکت کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کی شراکت سے قبل یہ ریکارڈ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں زمبابوے کے خلاف 2013 میں ناقابل شکست 143 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک ہزار اور 3 ہزار رنز اسکور کرنے والے تیسرے جبکہ 2 ہزار رنز پر پہنچنے والے دوسرے تیز ترین کھلاڑی ہیں۔
اس فتح کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹرینڈ چل پڑا تھا جس میں صارفین بابر اعظم کو مبارکباد پیش کر رہے تھے۔ جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے کور پر بابر اعظم کی تصویر لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا ہے کہ انہیں جاوید میانداد، محمد یوسف اور ظہیر عباس کی کمپنی میں شامل ہونے پر فخر ہے۔