اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے ایوب خان مفلسی کا شکار
ایوب خان نے تقریباً 3 دہائیوں قبل فلم ’معشوق‘ سے اپنے فلمی کیریئر کی ابتداء کی تھی۔

بالی ووڈ کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے ایوب خان نے کہا ہے کہ ’کرونا کی وباء کی وجہ سے ایسے معاشی حالات پیدا ہوگئے ہیں کہ اب میں محسوس کرنے لگا ہوں کہ مجھے لوگوں سے مدد مانگنا پڑ سکتی ہے۔‘
ماضی کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے اداکار ایوب خان نے اپنی فلم ’ایک حسینہ تھی‘ سے مقبولیت حاصل کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے گذشتہ ڈیڑھ برس سے کچھ نہیں کمایا اور جو جمع پونجی تھی وہ بھی ختم ہونے کو ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جاذب نظر رہنا ایک مکمل طرز زندگی ہے، ثنا فخر
ایوب خان نے کہا ہے کہ ’اگر کرونا کی وباء جاری رہی تو حالات میں بہتری نہیں آئے گی اور میرے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا کہ میں مدد کے لیے لوگوں کی جانب دیکھوں۔‘
ایوب خان ماضی کے معروف اداکار دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی اداکار ناصر خان اور اداکارہ بیگم پارہ کے بیٹے ہیں۔ 40 اور 50 کی دہائی میں اداکارہ بیگم پارہ انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں۔
ایوب خان کا کہنا ہے کہ ’اگر معاشی حالات دوبارہ مستحکم نہیں ہوئے تو اپنے خاندان کی پرورش کے لیے دوستوں سے امداد لینا میری مجبوری بن جائے گی۔‘

انڈیا میں کرونا کی وباء کے پھیلاؤ کے پیش نظر فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ بند ہوگئی ہے۔ ادکاروں سمیت اس صنعت سے منسلک تمام افراد معاشی مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی دوسرا ذریعہ معاش نہیں ہے۔
تقریباً 3 دہائیوں قبل بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والے اداکار ایوب خان شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ اگر معاشی حالات ایسے ہی رہے تو وہ لوگوں سے مدد مانگ سکتے ہیں۔
انڈین فلم انڈسٹری کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے بھتیجے اداکار ایوب خان نے فلم ’معشوق‘ سے اپنے فلمی کیریئر کی ابتداء کی تھی۔ فلم ’راک آن‘ اور ’ڈرٹی پکچر‘ میں بھی ایوب خان کے کردار کو بہت سراہا گیا تھا۔









