فواد چوہدری کا وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا آغاز
وفاقی وزیر نے پی ٹی وی کو ایچ ڈی پر لانے اور قومی ترانے کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے علاوہ دیگر منصوبوں سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دوبارہ پرانی وزارت سنبھالتے ہی تیزی سے اصلاحات لانی شروع کردیں ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی اسپورٹس کو ایچ ڈی کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ قومی ترانے کی ڈجیٹل ریکارڈنگ بھی آخری مراحل میں ہے۔
فواد چوہدری نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالی تو اس میں سرخرو ہوئے اور اب جب انہیں دوبارہ وزارت اطلاعات کا قلمدان دے دیا گیا ہے تو یہاں بھی ایک سرگرم وزیر کے طور پر جگہ بنارہے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی نیوز کو ایچ ڈی کرنے کے لیے یکم جون تک کی ڈیڈلائن دی ہے۔ فواد چوہدری نے رواں سال پی ٹی وی اسپورٹس کو بھی ایچ ڈی پر لانے کی امید ظاہر کی ہے۔
وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا جو سلسلہ 2018 میں شروع کیا تھا اسے وہیں سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، #PTVNews کو HD کرنے کا منصوبہ جو 2019 سے التواء میں تھا یکم جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائین دی ہے انشاللہ یکم جون سے #PTVNews مکمل HD پر چلاجائیگا، اسی سال #PTVSports بھی HDکریں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 21, 2021
یہ بھی پڑھیے
فواد چوہدری ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں
صرف یہی نہیں فواد چوہدری نے نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ فلم اور ڈرامے کی بحالی کو پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس حوالے سے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے نوجوان ڈرامہ نگاروں اور فلم سازوں کو معیاری کام کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
فلم اور ڈرامہ کا Revival پہلی ترجیح ہے، سرسید احمد خان اور ٹیپو سلطان کی زندگیوں پر عالمی سطح کی پروڈکشن پر کام شروع کیا جا رہا ہے، نوجوان ڈرامہ اور فلم سازوں کو کامیاب جوان پروگرام سے پانچ کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دیں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 21, 2021
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ 2018 میں قومی ترانے کی ڈجیٹل ریکارڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا جو اب شروع ہوگئی ہے۔ کام آخری مراحل میں ہے جس کے بعد نیا ترانہ ریلیز کردیا جائے گا۔
Recording of new Anthem I initiated in 2018 now its in the final stages we will have new digital recording of anthem in few months Inshallah https://t.co/JLToA0NX9Y
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 21, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جس طرح سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک کامیاب وزیر ثابت ہوئے تھے امید ہے کہ اطلاعات کا قلمدان واپس ملنے پر ماضی کی غلطیاں نہ دہراتے ہوئے اپنا لوہا منوائیں گے۔









