پہلی ایشیائی خاتون کو بہترین ہدایتکارہ کا آسکر ایوارڈ

نومیڈ لینڈ نے بہترین فلم سمیت 6 آسکر ایوارڈز جیت لیے۔

ہالی ووڈ کے ستاروں سے چمکتی آسکر ایوارڈز کی شام لاس اینجلس میں منعقد کی گئی۔ چینی نژاد کلوئی ژاؤ پہلی ایشیائی خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے بہترین ہدایتکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکر کی شام نومیڈ لینڈ کے نام رہی۔93ویں اکیڈمی ایوارڈز میں نومیڈ لینڈ نے بہترین فلم سمیت 6 ایوارڈز جیت لیے۔

چینی نژاد کلوئی ژاؤ فلم نومیڈ لینڈ کے لیے بہترین ہدایتکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی خاتون بن گئی ہیں۔ یہ اعزاز 11 سال پہلے ایک خاتون کو دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

رز احمد نے اہلیہ کے بال سنوار کر میلہ لوٹ لیا

اسی فلم میں اپنی پرفارمنس سے شائقین کے دل جیتنے والی فرانسس ایم سی ڈورمیڈ بہترین اداکارہ قرار پائیں۔ سر انتھونی ہاپکنز کو دی فادر میں ڈمنشیا کے مریض کا کردار نبھانے کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

کوریا سے تعلق رکھنے والی یاجونگ یون فلم میناری کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں۔

آسکر کی تاریخ میں پہلی بار بہترین اداکاروں کی صف میں ایک مسلمان اداکار رز احمد بھی شامل تھے جنھیں فلم ساؤنڈ آف میٹل کے لیے نامزد کیا گیا تھا ۔ رز بہترین اداکار کا ایوارڈ تو اپنے نام نہ کرسکے البتہ ان کی فلم کو بہترین ساؤنڈ کا انعام مل گیا۔

اکیڈمی ایوارڈز میں مرحوم انڈین اداکارعرفان خان اور کاسٹیوم ڈیزائنر بھانواتھائیا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس سال کرونا وبا کے باعث آسکرز کی شام کچھ منفرد رہی ۔ تقریب دو الگ مقامات سے نشر کی گئی اور اس کے بعد کوئی محفل بھی نہیں سجائی گئی۔

متعلقہ تحاریر