سندھ اسمبلی میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف قرارداد جمع

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملیر کے پرانے گوٹھوں کو مسمار کرنے کی سازش بند کی جائے۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے زمینوں پر قبضے کے معاملے پر بحریہ ٹاؤن اور سندھ حکومت کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق سندھ حکومت بحریہ کی آڑ میں سندھ کی زمینیں فروخت کررہی ہے۔ سندھ کی ماؤں بیٹیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملیر کے پرانے گوٹھوں کو مسمار کرنے کی سازش بند کی جائے اور گوٹھ والوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری میں حکومت ناکام

ادھر حلیم عادل شیخ نے بحریہ ٹاؤن کے متاثرین سے بھی ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نیوز 360 سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے لوگوں کے ووٹ خریدتی ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ وہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ کی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب سوشل میڈیا پر بحریہ ٹاؤن کے اہلکاروں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں وہ بھاری مشینری کے ذریعے زمین ہموار اور راستہ صاف کرتے دکھائی دیئے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ملیر کی 16 ہزار 896 ایکڑ زمین پرغیر قانونی قبضے سے متعلق کیس میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔ تاہم، عدالت نے بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کی طرف سے مقدمات ختم کرنے کے لیے 460 ارب روپے ادا کرنے کی پیشکش قبول کرلی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے اب تک رقم کی ادائیگی مکمل نہیں کی ہے اور اس معاملے میں سندھ حکومت اور انتظامی ادارے خاموش ہیں۔

متعلقہ تحاریر