عید پر ٹی وی چینلز کیا کررہے تھے؟

مارننگ شو میں لڑائی کرائی گئی جبکہ بول نیوز کے پروگرام میں زرتاج گل کی بیٹی نے مریم نواز کی نقل اتاری۔

عید پر مختلف ٹی وی چینلز پر خصوصی نشریات پیش کی گئیں۔ نیو نیوز اور بول نیوز نے اپنے غیر معیاری پروگرامز سے صارفین کو مایوس کیا ہے اور ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے بھنڈا طریقہ کار اپنایا ہے۔ نیو نیوز نے مارننگ شو میں لڑائی کرائی گئی جبکہ بول ٹی وی کے پروگرام میں وفاقی وزیر زرتاج گل نے اپنی بیٹی سے مریم نواز کی نقل اتروائی۔

ٹی وی چینلز پر غیر معیاری پروگرامز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ریٹنگ کے لیے کسی بھی شخص کا مذاق اڑانا کوئی بری بات نہیں سمجھی جاتی ہے۔ عید پر ٹی وی چینلز کی خصوصی نشریات نے شہریوں کو مایوس کردیا۔ انٹرٹینمنٹ کے نام پر نیو نیوز اور بول نیوز نے جس قسم کے پروگرامز نشر کیے وہ کسی طور پر معیاری کہلائے جانے کے لائق نہیں ہیں۔

نیو نیوز کے مارننگ شو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں مہمان آپس میں لڑپڑے۔ معاملہ تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ مارننگ شو کے کامیڈین نے خاتون ڈانسر کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور پوری ٹیم کو ساتھ ڈانس کرنے پر کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر میزبان اور تمام ٹیم ممبران کامیڈین کے خلاف ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

رمضان ٹرانسمیشن میں کون بازی لے گیا؟جیتو پاکستان یا جیوے پاکستان؟

میزبان اور مہمانوں کے درمیان ہونے والی گفتگو سے اندازہ ہوا کہ یہ لڑائی باقاعدہ اسکرپٹڈ تھی اور ہر کوئی اپنے ڈائیلاگز بول رہا تھا۔ پروگرام کی مشہوری کے لیے اپنایا جانے والا یہ طریقہ بلاشبہ انتہائی غیر معیاری تھا۔

دوسری جانب بول ٹی وی پر نشر کیے جانے والے عید کے ایک خصوصی پروگرام میں وفاقی وزیر زرتاج گل کو ان کی بیٹی اور شوہر کے ہمراہ مدعو کیا گیا۔ پروگرام میں زرتاج گل نے اپنی بیٹی کو (ن) لیگی رہنما مریم نواز صاحبہ کی نقل اتارنے کو کہا۔ شہلالئی نے فوراً مریم نواز کے ایک جملے کو انہی کے انداز میں بیان کردیا جس پر اینکر سمیت سب نے قہقہے لگائے۔ یہ کلپ اینکر پرسن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا جس پر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

عام طور پر والدین گھروں میں اپنے بچوں سے لوگوں کی نقل اترواتے ہیں جوکہ دیکھا جائے تو درست نہیں لیکن نیشنل ٹی وی کے پروگرام میں ایسا کرنا تو بالکل ہی غیراخلاقی بات ہے۔

متعلقہ تحاریر