پاکستان پیپلز پارٹی بدین کے ضمنی انتخاب میں بڑے فرق سے کامیاب
پی ایس 70 بدین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی محمد ڈاڈا ہالیپوٹو 46 ہزار 420 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع بدین کے حلقے پی ایس 70 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار حاجی محمد ڈاڈا ہالیپوٹو 46 ہزار 420 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیدوار گل حسن 6 ہزار 231 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
چوہدری نثار نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے؟
اس کے علاوہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی پی ایل) کے امیدوار پیر محمد علی جان سرہندی 1 ہزار 989 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے امیدوار اسد لغاری 1 ہزار 635 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بدین کے ضمنی انتخاب میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 35 فیصد رہا ہے۔ گنتی سے خارج کیے جانے والے ووٹوں کی تعداد 1 ہزار 625 رہی ہے جبکہ درست ووٹوں کی تعداد 56 ہزار 920 رہی ہے۔
پی ایس 70 بدین کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی بشیر احمد ہالیپوٹو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدین میں اپنی جماعت کی کامیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’جیے بھٹو بے نظیر‘ کا نعرہ بلند کیا ہے۔
Badin main teeron ki barish! Jiye Bhutto Benazir!#PS70 pic.twitter.com/sYLLKfB56A
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 20, 2021
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 70 بدین کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پپیلز پارٹی کے امیدوار حاجی محمد ہالیپوٹو، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیدوار مولانا گل حسن، گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار شاہد ورک، مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے امیدوار اسد لغاری، کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار پیر محمد علی جان سرہندی اور آزاد امیدوار عبدالعزیز ہالیپوٹو نے حصہ لیا تھا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی یکے بعد دیگرے کامیابی اس بات کا اشارہ ہے کہ پی پی پی کراچی سمیت سندھ میں اپنے قدم جما رہی ہے اس کا بیانیہ لوگوں میں مقبول ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 30 اپریل کو ہونے والے قومی اسمبلی کے کراچی کے حلقے این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالقادر خان مندوخیل کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 15 ہزار 656 ووٹ حاصل کیے تھے۔









